کراچی (سٹاف رپورٹر )ایم اے جناح روڈ سی بریزپلازہ کے قریب پٹاخوں کے گودام کے باہرٹرک سے پٹاخے گودام میں رکھتے ہوئے آگ لگ گئی اورپٹاخے پھٹنے سے خوف و ہراس پھیل گیا، آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے ہائی ایس وین اورٹرک جل کرتباہ ہوگیا اور2 گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ اتوارکی دوپہر 12 بجے پریڈی کے علاقے ایم اے جناح روڈ سی بریزپلازہ کے قریب حنیف میمن عرف پٹاخہ کے گودام کے باہرٹرک سے پٹاخے گودام میں رکھے جارہے تھے کہ اس دوران ٹرک میں رکھے ہوئے پٹاخوں میں آگ لگ گئی اورپٹاخے دھماکوں سے پھٹنے لگے جسکی آوازدور تک سنائی دی گئی، اس دوران مکینوں اورگودام میں کام کرنے والے افراد نے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم ناکام رہے اور شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے ،دھواں کئی کلو میٹرسے دکھائی دے رہا تھا،فائربریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے موقع پرپہنچ کر ایک گھنٹہ جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پایا،اس دوران ایک ٹرک اورایک ہائی ایس وین جل کرخاکسترہوگئی جبکہ 2 گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا،فائربریگیڈ کے مطابق ابتدائی طورپرآگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔گودام کے مالک حنیف میمن عرف پٹاخہ کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کسی نے جلتی سگریٹ ٹرک پرپھینکی جس سے آگ لگی،پٹاخوں کی مالیت تقریبا 20 لاکھ روپے تھی،حنیف میمن کا کہنا ہے پٹاخوں کی خرید وفروخت کا لائسنس موجود ہے پٹاخے چائنہ کے تھے جس میں پھل جھڑیاں،اناربم،راکٹ بم ،کیک بم اوردیگرشامل تھے ۔