کراچی(سٹاف رپورٹر)رمضان المبارک میں سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کراچی میں پانی پرجاری سیاست میں تیزی آنے پر حکمران جماعت نے بھی جوابی وار کرتے ہوئے شہر بھر کے تمام ہائیڈرنٹس کو عیدالفطر تک شہریوں کیلئے کھول دیا جس میں اہم اقدام یہ اٹھایا گیا ہے کہ مذکورہ ہائیڈرنٹس سے تمام کمرشل ٹینکرز کی سپلائی بند کرتے ہوئے 100فیصد کوٹہ شہریوں کیلئے مختص کردیا گیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج اور حکمراں جماعت کے جوابی اقدام سے جہاں شہریوں کو عارضی مگر بڑا ریلیف مل گیا وہیں ہائیڈرنٹس اور ٹینکرز مافیا کی عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا منصوبہ بری طرح خاک میں مل کر رہ گیا ،واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر بلدیات سعید غنی کی منظوری سے ہائیڈرنٹس کو دیا جانے والا 100فیصد کوٹہ شہریوں کیلئے مختص کیا گیا جبکہ شہر کے غریب علاقوں مساجد اور امام بارگاہوں میں مفت پانی سپلائی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔