کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کا شہر قائد میں باسکٹ بال کھیل کے فروغ کے لئے انٹرنیشنل کمپنی ایف ایم اے پیکجز کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ،معاہدے کے تحت بین الاقوامی کمپنی 2020ء میں منعقدہ قومی و صوبائی ٹورنامنٹس میں گرلز باسکٹ بال ٹیم کو مکمل کٹس فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے ایک تقریب ڈپٹی کمشنر سائوتھ کے آفس میں منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل کمشنر سائوتھ ذوالفقار خشک نے کراچی باسکٹ بال خواتین ونگ کی سیکریٹری زعیمہ خاتون کو کمپنی کی جانب سے فراہم کی جانے والی کٹس دی جو کہ کراچی کی ٹیم قومی چیمپئن شپ 2020ء میں استعمال کرے گی ۔اس موقع پر ایف ایم اے پیکجز، پاکستان کے سی ای او عمران فیصل، صدر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن غلام محمد خان ،مختار کار سول لائن طفیل پتافی اور کراچی باسکٹ بال انڈر 19ٹیم کے کوچ انجینئر زین العابدین بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سائوتھ ذوالفقار خشک نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیز کی جانب سے شہر قائد میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے کھیلوں کی تنظیموں کے ساتھ تعاون ایک مثبت اقدام ہے ۔ انہوں نے بین الاقوامی کمپنی اور کے بی بی اے کے مابین کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے معاہدہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے قابل تقلید عمل قرار دیا اور دیگر کمپنیز سے بھی کھیل سمیت تمام شعبوں کے فروغ اور ترقی کیلئے باہمی اشتراک و تعاون پر زور دیا۔ ذوالفقار خشک نے ضلع جنوبی کے انتظامی سربراہ ڈپٹی کمشنر سائوتھ ارشاد علی سوڈھر کی جانب سے کے بی بی اے کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان نے سابق اسسٹنٹ کمشنر سول لائن فاطمہ بشیر اور مختار کار سول لائن طفیل پتافی سے اظہار تشکر کیا ۔