اسلام آباد،لاہور،کراچی،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر ،کرائم رپورٹر ،نامہ نگار خصوصی ، 92 نیوزرپورٹ،سٹاف رپورٹر،رپورٹر 92نیوز ) ملک بھر میں 75واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ،دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کیا آزادی بھی خصوصی دعائیں کی گئیں ،صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارت کو کہا گیا آؤ غربت کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں، بھارت نے ہماری امن کی پیشکش کو کمزوری سمجھا انہوں نے پھر بھارت کو امن کی پیش کش کر دی ۔تفصیلات کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی سب سے بڑی تقریب ہوئی ، تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینٹ ، سروسز چیفس، وزرا اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ صدر عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 74 سالہ سفر میں مختلف چیلنجز میں سرخرو ہوئے ، جوہری طاقت بننا بڑی کامیابی ہے ، افغانستان کے حالات خراب ہونے پر پاکستان نے دہشتگردی کا سامنا کیا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی، پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو جگہ دی، دیگر ممالک کا جائزہ لیں تو مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے دیا جاتا ہے ، ہم نے کورونا کا مقابلہ کیا، کورونا کے باوجود معیشت ترقی کرتی رہی ، ہم پر پڑوسی ملک نے 3 جنگیں مسلط کیں،بھارت کو جارحیت کا مزا چکھایا۔ تقریب میں ملی نغمے پیش کئے گئے ۔یوم آزادی کے موقع پر مزار قائدؒ اور مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کی ذمہ داری سنبھالی۔مزار اقبالؒ پر بھی گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے لیے ، مہمان خصوصی میجر جنرل انیق الرحمان ملک نے مزار اقبالؒ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے بھی مزار اقبالؒ پر حاضری دی ۔ لاہور ہائی کورٹ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی ،مسٹرجسٹس شجاعت علی خان نے عدالتِ عالیہ کی عمارت پر پرچم لہرایا اور خطاب کیا ، حضوری باغ میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پرچم کشائی کی ۔ پاک فضائیہ میں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا،ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ایئر وائس مارشل محمد ندیم صابر انسپکٹر جنرل پاکستان ایئر فورس نے پرچم کشائی کی ۔ پاک بحریہ کے بحری جہازوں اور یونٹس کو روایتی انداز میں روشن کیا گیا۔ اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ، گوادر اوراورماڑہ میں واقع پاک بحریہ کی مختلف یونٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ گوادر میں کوہ باطل پر پاکستان فوج کے زیرانتظام پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی ۔ بشارت راجہ نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں نئی یاد گار شہداء پولیس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کی فضاء شہداء کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہے ۔ سرینگر،نیویارک ،پیرس (ندیم منظور سلہری سے ،ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستانی یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا اور وادی بھر میں کرفیو کے باوجود پاکستانی پرچم لہرائے گئے ، جگہ جگہ پوسٹرچسپاں اور بینرز آویزاں کے گئے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مختلف علاقوں میں ستونوں ، بجلی کے کھمبوں اور دیواروں پر پوسٹر چسپاں کیے گئے جن میں پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی تھی۔ کشمیر ی آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے ۔ امریکہ میں پاکستان کا 75 واں یوم آزادی جوش وعقیدت اور احترام سے منایا گیا۔ سفارتخانہ واشنگٹن ڈی سی میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم لہرایا ۔ تقریب سے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے خطاب کیا ۔ واشنگٹن، نیویارک، شکاگو ، کیلیفورنیا ، مشی گن، نیوجرسی سمیت کینیڈا کی ریاست اٹاوا میں بھی پُروقار تقریبات کا اہتما م کیا گیا ۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن نے یوم آزادی کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا ،پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ یہ دن پاکستان میں ہم سب کے لیے ان عظیم جدوجہد کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبال ؒنے اس ملک کی تشکیل کے لیے سوچا تھا ۔ قونصل خانہ جدہ میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے قومی پرچم لہرایا بعد ازاں صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بالترتیب پڑھ کر کرسنائے گئے ،تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور پاکستان کے لئے خصوصی دعا کر ائی گئی ۔ پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں پروقار تقریب کا انعقاد،پاکستان کے ناظم الامور آفتاب حسن خان نے قومی پرچم لہرایا اورپاکستان کی سالگرہ کاکیک کاٹا،پاکستان کاقومی پرچم لہرایاگیا۔ سنگاپور ،پیرس ،ویلنگٹن،لندن ،ریاض ،ابوظہبی ،قاہرہ اور دیگر شہروں مین بھی تقاریب کے دوران قومی پرچم لہرائے گئے ۔