اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی،آن لائن )صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے میئر کراچی وسیم اختر نے ملاقات کی جس میں کراچی کے رہائشیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں میئر کراچی نے صدرسے گفتگو میں کہا کہ کراچی کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے معاونت فراہم کی جائے ۔اس موقع پرصدر عارف علوی کا کہناتھا کہ کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے متعلقہ حلقوں سے رابطہ کروں گا ۔ دریں اثناصدر مملکت سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبد الرحمٰن بن فیصل الثانی نے ملاقات کی ہے ۔اس موقع پرصدرمملکت نے قطری سفیر کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور قطر کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال سے علاقائی امن و سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔قطر مسلمانوں کے خلاف بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لے ۔او آئی سی اور بین الاقوامی برادری کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے عملی اقدامات اٹھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔