اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،این این آئی،صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کردیا، بھارت سے کرتار پور آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے پاسپورٹ کی پابندی بھی ختم کردی ،صرف شناختی کارڈ پر ہی آسکیں گے ۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت سے کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کو پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی اس کے لیے صرف شناختی کارڈ پر ہی آسکیں گے ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو کرتار پور آنے کے لیے دس دن پہلے رجسٹریشن بھی نہیں کرانا پڑے گی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن اور کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر سکھ یاتریوں سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں چند روز قبل حکومت پاکستان نے سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گورونانک کا 550 واں جنم دن کے موقع پر 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ بھی جاری کیا گیا۔