اسلام آباد،لاہور (92 نیوزرپورٹ،نمائندہ خصوصی سے ،وقائع نگار)پراجیکٹ ڈائریکٹر کرتارپور راہداری عاطف مجید نے کہا ہے کرتارپور راہداری منصوبے کا افتتاح 9 نومبر کو ہوگااور وزیراعظم عمران خان پہلے مرحلے کا افتتاح کرینگے ۔اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا12نومبرکوباباگورونانک کی 550ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغازہوگا، راہداری پر86فیصدکام مکمل کرلیا،منصوبے کے پہلے مرحلے کاکام 45 دن میں مکمل کرلیا جائے گا، بھارت سے سکھ یاتری 9 نومبر سے آنا شروع ہونگے ،ابتدائی مرحلے میں 5 ہزار، بعد ازاں 10 ہزار یاتریوں کی آمد اور رہائش ہوگی،5ہزار یاتریوں کے داخلے اور خروج کیلئے 76 امیگریشن کائونٹرز بنائے گئے ہیں،10 ہزار یاتریوں کی آمدورفت کے لئے کل 152 کائونٹر بنائے گئے ہیں،بارڈر ٹرمینل زیرو پوائنٹ سے 350 میٹر پر تعمیر کیاگیا ہے ،ٹرمینل کے باہر بسوں کے ذریعے یا پیدل گردوارہ تک یاتریوں کو لایا جائے گا۔دوسری جانب ملکی و غیر ملکی میڈیا نے کرتار پور کا دورہ کیا، وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام دورے کے دوران سینئر میڈیا نمائندگان کو متروکہ وقف املاک بورڈ حکام ا ور دیگر اداروں کے ذمہ داروں نے بریفنگ دی اور مختلف سوالات کا مفصل جواب دیا۔ معتبر ذرائع کے مطابق میڈیا نمائندگان کو بتایا گیا کہوزیر اعظم کی ہدایت پر راہداری کھلونے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں، راہداری دنیا میں پاکستان کی جانب سے امن کا پیغام ہے جس کے تحت تمام مہینہ تقریبات کا سلسلہ ملک بھر میں جاری رہے گا جس کا انتظام متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کریں گے ۔بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے موقع پر کرتار پور راہداری کا افتتاح کیا جائے گا،ملکی تاریخ میں پہلی بار نئی دہلی سے نگر کیرتن کا جلوس بھی واہگہ راستے پاکستان آئے گاجس کی حکومت نے اجازت دے دی ہے ۔حکومت نے 10ہزار سکھ یاتریوں کو ویزہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے سے بہتر سیکورٹی انتظامات ہوں گے ۔جنم دن کی تقریبات 5 سے 15نومبر تک جاری رہیں گی جبکہ 12نومبر کو گورونا نک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہو گی ۔غیر ملکی میڈیا نمائندگان نے راہداری کھولنے کے اقدام کو سراہا۔