اسلام آباد،کراچی (صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندہ92نیوز) وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ کیمبرج سسٹم کے تحت امتحان دینے والے طلبہ کے نتائج پر نظرثانی کیلئے متعلقہ ادارے سے بات چیت کی گئی اور اپنے خدشات سے آگاہ کیا جس جس پر سی اے آئی ای نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ طلبہ کے نتائج پر نظر ثانی کی جا ئیگی۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حتمی اعلان منگل کو ہوگا۔کیمبرج کی طرف سے باقاعدہ اعلامیہ جلد جاری ہوگا۔ دریں اثنا ایک اور ٹویٹ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پرائمری تک یکساں نصاب اپریل میں لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پرائمری تک یکساں نصاب اپریل میں لانچ کیا جائے گا اور یہ پاکستان کے تمام سکولوں میں پڑھایا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ چھٹی سے آٹھویں تک یکساں نصاب 2022میں لانچ کیا جا ئیگا۔ نویں سے بارہویں جماعت تک یکساں نصاب 2023میں نافذ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شدید احتجاج کے بعد سی اے آئی ای نے ادارتی سطح پر نتائج پر نظرثانی کا عندیہ دیا مگر انفرادی طور پر کسی امیدوار کا نتیجہ تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان سمیت بعض ممالک کی حکومتوں نے بھی سی اے آئی ای انتظامیہ سے احتجاج ریکارڈ کرایا،ان عوامل کی وجہ سے سی اے آئی ای نے عندیہ دیا کہ اگر کوئی تعلیمی ادارہ باقاعدہ درخوست کرے گا تو ان کے طلبہ کے نتائج پر نظر ثانی کی جائے گی۔ بعض طلبہ کے نتائج ماضی میں اے سٹار تھے انکی بھی سی اور ڈی میں گریڈنگ کی گئی ،اگر سی اے آئی ای نے نتائج پر نظر ثانی نہیں کی تو ان طلبہ نے سال ضائع کر کے آئندہ سال امتحان میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔