کراچی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ کراچی کنگز نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے ۔اننگز کی خاص بات بابر اعظم اور شرجیل خان کی ریکارڈ پارٹنر شپ تھی دونوں نے 160 رنز بناتے ہوئے پی ایس ایل میں پہلی وکٹ کی شراکت کا ریکارڈ قائم کیا ۔ بابر اعظم نے 62 جبکہ شرجیل خان نے 105 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے پی ایس ایل 6 کی پہلی سنچری مکمل کی ۔ محمد نبی آئوٹ ہونیوالے تیسرے کھلاڑی تھے جو 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ڈینیل کرسٹیان 12 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔ یونائیٹڈ کی جانب سے حسین طلعت اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی ٹیم ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی تا ہم شاداب اور سالٹ کے صفر پر آئوٹ ہونے کے بعد مین آف دی میچ ایلکس ہیلز نے 46 رنز کی اننگز کھیلی ۔ حسین طلعت 42 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 49 رنز ناٹ آئوٹ بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ آصف علی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21رنز بناتے ہوئے میچ میں فتح کی مہر ثبت کی ۔ کنگز کے عماد، عامر، مقصوداور ارشد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ ایلکس ہیلز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔