اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین نیب چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کرپشن کے خاتمے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں،تمام متعلقہ فریقوں کی کوششوں سے ملک کو کرپشن سے پاک کیا جا سکتا ہے ۔ نیب دنیا کا واحد ادارہ ہے جس نے وائٹ کالر کرائمز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے 10ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے ۔ نیب اپنی موثر اور جامع انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی کے تحت نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان پالیسی پر عمل کرتے ہوئے میگا کرپشن وائٹ کالر کرائمز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے ۔ نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا نیب کو 2019میں 2018کے مقابلہ میں دوگنی شکایات موصول ہوئیں۔ نیب کی 2019کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 53643شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 42760پراسس کی گئیں۔ 2019میں 1308شکایات کی جانچ پڑتال کی،1686انکوائریاں اور 609انویسٹی گیشنز نمٹائیں، بدعنوان عناصر سے 141.542ارب روپے وصول کیے گئے جبکہ 2000سے اب تک 46.069ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے گئے ،نیب نے سینئر افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے ، نیب کی 2019میں 1983کیسز نمٹانے کے ساتھ سزا کی شرح 68.8فیصد ہے ۔ نیب کی معزز احتساب عدالتوں میں 1219کرپشن ریفرنسز زیرسماعت ہیں جن کی مالیت 900ارب روپے ہے ۔ مفرور اور اشتہاریوں کو گرفتارکرکے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی کے لئے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔تمام ریجنل بیوروز زیرسماعت کرپشن ریفرنسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے احتساب عدالتوں میں درخواستیں دائر کریں۔ نیب دنیا کا واحد ادارہ ہے جس نے وائٹ کالر کرائم کیس کو نمٹانے کے لئے 10ماہ کا وقت مقرر کیا ہے ۔