اسلام آباد ( خبرنگار) وزارت دفاع نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کو مشروط طور پر رہا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ انعام الرحیم کو اپنا پاسپورٹ بطور گارنٹی جمع کرانا ہو گا۔سپریم کورٹ میں انعام الرحیم کی رہائی سے متعلقکیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی تواٹارنی جنرل نے بتا یا کہ کرنل (ر) انعام الرحیم بیمار ہیں، انہیں بار بار ہسپتال لے جانا پڑتا ہے ، اس لئے انھیں مشروط طور پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ، کرنل (ر) انعام الرحیم اپنا پاسپورٹ جمع کرادیں اور راولپنڈی اور اسلام آباد سے باہر بھی نہ جائیں، اس دوران تحقیقات میں تعاون بھی کریں، رہائی کیلئے انہیں لیپ ٹاپ کا پاس ورڈ دینا ہوگا۔ وکیل انعام الرحیم نے کہا ہم پاسپورٹ جمع کرادیتے ہیں ،یہ چھوڑ دیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا انعام الرحیم پاسپورٹ بھی جمع کرادیں گے اور تحقیقات میں بھی تعاون کریں گے ،رہائی کے خلاف حکومتی اپیل کو میرٹ پر سنا جائیگا،بعد ازاں سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی۔