اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر دینے کے وعدوں کی خیالی عمارت زمین بوس ہوگئی ہے ۔حکومت پہلے دن سے ہی وژن کے بحران کا شکار ہے ۔وزیراعظم کو 22کروڑ عوام کی نہیں اپنے کچھ پیاروں کے مفادات کی فکر ہے ۔اگر وہ آٹے اور چینی کا بحران پید اکرنے والوں کو جانتے ہیں تو پھر کمیٹیاں بنانے کی کیا ضرورت ہے ؟ سنگوٹہ سوات میں مدرسہ احیائالعلوم میں ختم بخاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آٹے چینی کے ذخیرہ اندوز اور راتوں رات اربوں کمانے والے کسی سے چھپے نہیں ،وزیراعظم کے ہی آس پاس موجود ہیں، انہیں ڈھونڈنے کی نہیں پکڑنے کی ضرورت ہے ۔وزیر اعظم کو واقعی احتساب میں دلچسپی ہوتی تو سب سے پہلے خود اور اپنے وزراکو احتساب کیلئے پیش کرتے ۔بڑے مجرموں کی پردہ پوشی اور چھوٹوں کو جیلوں میں بند کرنے سے جرائم کا خاتمہ نہیں ہوگا ،مہنگائی اور بے روز گاری کی صورتحال یہی رہی تو حکمران عوامی غیظ و غضب سے نہیں بچ سکیں گے ۔72سال میں ایک بار بھی اسلام کے عادلانہ نظام کو نہیں آزمایا گیا۔