کراچی(نیٹ نیوز) سندھ میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے ایک بار پھر عوام سے سماجی رابطے محدود کرنے کی درخواست کی ہے ۔حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ لوگ 14 دن خود کو آئسولیشن میں رکھ کر اپنے اہلخانہ اور دیگر لوگوں کو اس وبا سے محفوظ رکھ سکتے ہیں،احتیاط نہ برتنے سے بڑا نقصان ہو سکتا ہے ، اسی لئے سندھ حکومت پہلے روز سے عوام کو سماجی رابطے محدود کرنے کی درخواست کر رہی ہے کیونکہ کرونا سے لڑنے کا واحد حل آئسولیشن ہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا بیرون ملک سے آنے والے ایک شخص کی لاپروائی سے اسکی پوری فیملی وائرس کا شکار ہو گئی کیونکہ متاثرہ شخص نے سماجی رابطے منسوخ نہیں کئے تھے ، وہ محفلوں میں جاتا اورمارکیٹوں میں بھی گھومتا رہا۔