مکرمی ! کہروڑ پکا میں قدرتی رنگوں سے بلاک پرنٹ بیڈ شیٹ، چادروں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ کہروڑپکا کے مقامی دستکارکپڑوںکو مختلف رنگوں وڈیزائنوں سے مز ّین کر کے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔ جنہیں چھیمبڑا،چھیمبڑیا چڑھویا بھی کہتے ہیں ۔ان دستکاروں میں لکڑی کے بنے بلاک کی مدد سے سوتی کپڑوں کی رنگائی ،چھپائی کرنے والے دستکار حاجی امیر بخش ،چغتائی خاندان کے 69سالہ بزرگ حاجی محمد اختر اور60 سالہ حاجی محمد اکبرکو خاص اہمیت حاصل ہے۔ان کے ہاتھ کی بنی ہوئی بیڈ شیٹ، چادریں ، تکئے،دسترخواں، کُشن وغیرہ صرف اپنے وطن میں ہی نہیں بلکہ غیر ممالک میں بھی متعارف ہیں۔سرائیکی وسیب کی صدیوں پرانی کہروڑ پکا کی معروف صنعت بلاک پرنٹنگ( ٹھپہ سازی )کی گھریلو دستکاری جس میں فطری رنگ اوربلاک( لکڑی سے بنا ٹھپہ) کی مدد سے سوتی پڑوں پر چھپائی کو اجاگر کرنے میں حاجی امیر بخش کے علاوہ کہروڑ پکا کے معروف چغتائی خاندان کے کئی لوگ شامل ہیں ۔ حکومت گھریلو دستکاری کے ماہرین و ہنرمندوں کو آلات کے ساتھ ساتھ بلاسودقرضے دے تو نہ صرف ان کا مستقبل روشن ہو گا بلکہ ملکی معیشت میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ہماری تہذیب و ثقافت کی آباد کاری کی طرف توجہ دے وگرنہ ہماری تہذیب و ثقافت کے ماتھے کے جھومراور وسیب کے یہ مضبوط ہنر اکھان کی صورت میں صرف کتابوں میں ہی ملیں گے ۔ (اللہ ڈتہ انجم تحصیل کہروڑ پکا ضلع لودھراں)