لاہور،اسلام آباد،فیصل آ باد،ریاض،تہران (رپورٹنگ ٹیم،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں )ایران کے 2 نائب صدور اور پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بھی کروناوائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ کرونا کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے بیرون ملک سے عمرہ زائرین کا داخلہ عارضی طورپر روک دیا اور مدینہ منورہ جانے پر بھی پابندی عائد کر دی ۔ پابندی کا اطلاق پاکستانی، بھارتی، مصری، الجزائری، ا نڈونیشی اور ترک عمرہ زائرین پر ہو گا جبکہ خلیجی ممالک کے ان شہریوں پر بھی اطلاق ہوگا جو سعودی عرب میں داخلے کیلئے اپنے نیشنل آئی ڈی کارڈ استعمال کرتے ہیں۔جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنیوالے افراد کو عارضی طور پر داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ تفصیلات کے مطابق نئی سعودی پالیسی کے بعد لاہور اور دیگر ملکی ایئر پورٹس سے سعودی عرب جانیوالے عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا گیا ۔ گزشتہ روز لاہور ایئر پورٹ پر پی ائی اے کی لاہور سے مدینہ جانیوالی پرواز سے 300 عمرہ زائرین کو اتارا گیا ۔ جس پر زائرین کی جانب سے عملہ سے تکرار کی گئی اور ایئرپورٹ پر شدیدحتجاج کیا گیا ۔یہی نہیں جدہ جانیالی پرواز ایس وی 735 سے بھی 300 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا ۔ پی آئی اے کی رات 10:30 بجے جانیوالی پرواز کو بھی روک دیا گیا۔پی کے 759 کے 340 سے زائد عمرہ زائرین کو گھروں سے نہ آنے کیلئے فون کالز کر کے روکا گیا۔جبکہ اتحاد ایئر لائنز کے 97 پاکستانی عمرہ زائرین کو آف لوڈ کیا گیا۔آف لوڈ ہونیوالے زائرین نے واجبات کی وصولی کیلئے ٹریول ایجنٹس کے دفاتر کا رخ کر لیا اور ایئر ٹکٹ، ویزہ اور ہوٹلوں کی بکنگ کیلئے دی گئی رقو م کی واپسی کا مطالبہ شروع کر دیا۔جس کے سبب ٹریول ایجنٹس ایسویسی ایشن کے ممبرز کی نیندیں اڑ گئیں۔ لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹریول ایجنٹس ایسویسی ایشن کے صدر محمد ایوب نے کہا کہ پابندی کے سبب ٹریولز ایجنٹ مالی مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔زائرین ہر قیمت پرسعودی عرب جانا چاہتے ہیں جبکہ ان کوآف لوڈ کردیا گیا ۔چند گھنٹوں میں ہی ٹریول ایجنٹس کے دفاتر میں لوگوں کا رش لگ گیا،لوگ اپنی رقم واپس لینا چاہتے ہیں۔ ہم انہیں کہاں سے پیسے دیں۔ ایئر لائن ایڈوانس میں رقم لیکر ٹکٹ بک کرتی ہیں۔زائرین کو ادائیگیاں کہاں سے کریں؟۔ادھرسیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کی جانب سے زائرین اور وزٹ ویزہ پر جانیوالے افراد پر پابندی کا نوٹس آویزاں کر دیا گیا ۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے صبح 6 بجے سعودیہ کیلئے پرواز بھرنے والی پی آئی اے کی فلائٹ نمبرپی کے 745 کے تقریباً 100 مسافروں کو روک کر واپس گھروں کو بھجوا دیا گیا،ان میں عمرہ زائرین اور وزٹ ویزہ پر جانے افراد شامل تھے جبکہ یہ فلائٹ اقامہ والے افراد کو لیکر پرواز کرگئی۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی نائب وزیر صحت کے بعد ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری، خاتون نائب صدر معصومہ ابتکار اور پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ مجتبیٰ ذوالنور میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ادھرایران میں حکام نے کرونا سے متاثرہ افراد کی اندرون ملک نقل و حرکت کی آزادی پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ۔ اسی طرح مذہبی مقامات کے حامل شہروں بالخصوص قْم میں مذہبی مقامات اور عبادت خانوں میں اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے اور عارضی طور پر نماز جمعہ کے اجتماعات بھی روک دیئے گئے ۔ نماز کے بعد لوگوں کو اکٹھا ہونے سے بھی روک دیا گیا ،ایران کے 22صوبوں کے دارالحکومتوں اورمتاثرہ علاقوں میں بھی جمعہ کے اجتماعات منسوخ کردیئے گئے ، بعض مزارات بھی بند کرنے کافیصلہ کرلیاگیا۔ وائرس سے متاثرہ علاقوں میں سکولوں کی بندش میں مزید تین روز کی توسیع کر دی گئی ہے جبکہ جامعات میں یہ دورانیہ ایک ہفتے کیلئے بڑھا دیا گیا ہے ۔ کرونا سے چین میں مزید29 اورجنوبی کوریا میں13 ،اٹلی میں12ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔فرانس میں کرونا کا شکار ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا۔اٹلی اور فرانس میں مزید اموات کے بعد یورپ میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔جبکہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں بھی کرونا وائرس کا کیس سامنے آگیا ۔کرونا دنیا بھر کے 50 ممالک میں پھیل چکا ہے ۔کویت میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 43 ہو گئی۔ کروناکے حوالے سے بھارت کے تازہ ریسکیو آپریشن کے بعد جاپان میں ایک سیاحتی اور تفریحی جہاز پر پھنسے 119بھارتی اور پانچ غیر ملکی شہری اور ووہان سے 36غیر ملکی اور 76 بھارتی شہری جمعرات کو دہلی پہنچ گئے ۔ روس نے ایرانیوں کیلئے ویزے بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ یکم مارچ سے روس اور جنوبی کوریا کے درمیان پروازیں بھی معطل کی جارہی ہیں۔امریکہ نے دنیا میں کرونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ایران ، اٹلی اور منگولیا کیلئے سفری انتباہ جاری کئے ہیں ۔دریں اثنا پاکستان نے ایران کیلئے تمام ڈائریکٹ پروازوں پر تا حکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے ۔وزارت ہوا بازی کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جارہی ہیں ۔ پی آئی اے سعودیہ میں مقیم عمرہ زائرین کی وطن واپسی تک پروازیں معمول کے مطابق جاری رکھے گی۔ وزارت قومی صحت نے کرونا وائرس کے خطرات اور اس سے بچاؤ کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ صورتحال واضح کرنے کیلئے روزانہ حقائق سے آگاہ کیا جائیگا۔ عوام گھبرائیں نہیں،احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کرونا وائرس سے بچاؤ کے تمام انتظام کر رکھے ہیں۔ پمزسے گلگت کی رہائشی 5 مشتبہ خواتین مریض نرگس ، بیگم، عابدہ، بی بی راحیل اور مریم ڈسچارج کردی گئیں۔فیصل آ باد میں کرونا کا مشتبہ مریض سامنے آ گیا ، ٹھیکر یوالہ کے نواحی گاؤں پلاڈاں کارہائشی 26 سالہ شاہان 16 فروری کو چین سے وطن واپس آیا تھا ،مشتبہ مریض کوالائیڈ ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ۔ کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی تنویر اقبال تبسم کی ہدایات پر تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں ، ڈسپنسریوں ، میڈیکل سنٹرز میں کرونا وائرس کے حوالے سے پیشگی انتظامات کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ جیکب آباد میں ایران سے آنیوالے چالیس سالہ ہارون سرکی میں کرونا وائرس کا شبہ ظاہر ہونے کے بعد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ور محکمہ صحت کی ٹیم وہاں پہنچ گئی ، مشتبہ مریض سمیت خاندان کے 18افراد کی سکریننگ کی گئی۔ پنجاب میں کرونا پھیلنے کا خدشہ کے پیش نظر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیز کو وائرس سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم چلانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ کرونا کی وجہ سے سینکڑوں پاکستانی زائرین ایران کے شہر مشہد میں پھنس گئے ۔ملتان،لاہور،راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے زائرین نے روزنامہ 92 سے فون پر رابطہ کرکے بتایا کہ انکی تعداد900 ہے ، واپسی کیلئے چارٹر طیارہ ہائر کیا لیکن اسے پاکستا ن لینڈ نہیں کرنے دیا جا رہا ۔ کراچی میں کرونا کامریض یحییٰ جامعہ کراچی کا طالبعلم نکلا،اس نے ایران سے آنے کے بعد جامعہ کراچی میں کلاس بھی لی جس کی وجہ سے ایک اور طالبعلم کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متاثرہ مریض کے تمام ساتھی طلبہ کو سکریننگ کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جلاس میں کہا کہ عوام نہ گھبرائیں ، ایران سے آنے والے 1500 افراد کی شناخت ہوگئی ، اب انکی سکریننگ کی جائیگی۔انہوں نے ماسک ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے ایسے عناصر سے ماسک قبضے میں لیکر عوام میں تقسیم کرنے کاا علان کیا۔متاثرہ نوجوان کیساتھ سفرکرنیوالا ایک مسافر محراب پور پہنچ گیا،جس نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر سکریننگ نہیں کی گئی ۔ دریں اثنا ایران سے کراچی آنیوالی غیر ملکی پرواز کو ایئرپورٹ پر محفوظ مقام پر پارک کیا گیا اور مسافروں کی سکریننگ کی گئی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاک ایران سرحدی شہر تفتان اور بارڈر کا کرونا کی روک سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹردورہ کیا جبکہ ایران میں کرونا وائرس کے پیش نظر پاک ایران بارڈر پانچویں روز بھی مکمل بند رہا۔ اجلاس سے خطاب میں ظفر مرزا نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت ملکر کرونا سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کررہی ہیں۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے کرونا سے بچاؤ کی اشیا خریدنے کیلئے 23 کروڑ 65 لاکھ روپے کے فنڈ ریلیز کر دیئے ہیں ۔صدر وائی ڈی اے پنجاب ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ہمہ وقت کرونا سمیت تمام مریضوں کیلئے موجود ہیں۔