مکرمی !پوری دنیا میں تباہی مچانے کے بعد کروناوائرس تیزی سے پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑھ رہا ہے۔ تادم تحریر اب تک پاکستان بھر میںرجسٹرڈ کیسز کی تعداد تقریباً ساڑھے 15سو ہے ،پنجاب میں 570، سندھ میں 504، خیبر پختونخواہ میں 188، بلوچستان میں138، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43اور آزاد کشمیر میں 6 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور پورے ملک میں کرونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد15ہے۔ یہ تمام اعدادو شمار وہ ہیں جو رجسٹرڈ ہوئے ہیں ،ایک اندازے کے مطابق ملک میں 14ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ آنے والے دنوں میں یہ صورت حال کیا رخ اختیار کرے گی یہ اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔مگر اب بھی وقت ہے کہ ہم بحیثیت قوم خود کو ایک ذمہ دار قوم ثابت کریں اب بھی وقت ہے کہ ہم حکومتی احکامات پر عمل کریں اور احتیاطی تدبیر اپنائیں،یہ ہمارا قومی فریضہ بھی ہے اور شریعت کا تقاضہ بھی۔ہم گھروں میں بیٹھ کر،نا صرف خود محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ اپنی فیملیوں اپنے دوست احباب، محلے داروں شہریوں کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ (ایم ایم علی)