برلن (نیٹ نیوز) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کرونا سے بچاؤ کیلئے حکومتیں اپنے ہاں زیادہ سے زیادہ کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ کرائیں تاکہ جن افراد کے ٹیسٹ مثبت آئیں انہیں بر وقت طبی سہولت مہیا کی جاسکے ، ورلڈ ہیلتھ آگنائزیشن کے مطابق زیادہ افراد کی کرونا تشخیص کرکے کرونا کے کیسز کو بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے ، کرونا کے ٹیسٹ اور دیگر اقدامات کی بنا پر کرونا کے کیسز کم کرنے میں کامیابی کے حوالے ایک رپورٹ میں عالمی ادارہ نے مختلف ممالک کی مثالیں بھی پیش کی، رپورٹ کے مطابق جرمنی میں ٹیسٹ کرکے مریضوں کی شناخت کی بنا پر اموات کی شرح سب سے کم رہی، اس کے علاوہ وہاں پر مریضوں کیلئے زیادہ بستروں کی سہولت نے بھی وبا کو نیچے لانے میں کردار ادا کیا، جرمنی میں کرونا ٹیسٹ کیا جارہا ہے جس کا نتیجہ 3 گھنٹوں میں سامنے آجاتا ہے ۔ جنوبی کوریا نے اپنی آبادی کے حوالے سے سب سے زیادہ شرح سے لوگوں کے کرونا کے ٹیسٹ کئے ، ملک میں 50 کرونا سکریننگ کلینکس قائم کئے گئے ہیں، لوگ ان مقامات پر جا کر ٹیسٹ کراتے ہیں اور 10 منٹ میں رپورٹ حاصل کرلیتے ہیں، ہیلتھ ورکر روزانہ اوسط 15 ہزار ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ آئس لینڈ میں ہر 25 میں سے ایک شخص کا کرونا ٹیسٹ کیا جا چکا، یہاں باہر سے آنے والوں کا ٹیسٹ بھی لازمی کیا جارہا ہے ، امریکہ میں ٹیسٹ پروگرام قدرے سست ہے تاہم اب ملک بھر میں لوگوں کے ٹیسٹ کرنے کے اقدامات کو تیز کیا جارہا ہے ، امریکہ انتہائی نگہداشت کے بستروں کی تعداد میں بھی سب سے آگے ہیں، عوامی مقامات کی صفائی اور گھروں پر کھانے کی اشیا کی ڈلیوری کی جارہی ہے ۔