کراچی (سپورٹس ڈیسک) تائیکوانڈو کھلاڑی خاور محمود بلیک بیلٹ فورتھ ڈان (ڈبلیو ٹی ایف) کوریا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو فٹنس برقرار رکھنے کیلئے انفرادی طورپر ٹریننگ جاری رکھنا ہوگی کیونکہ جب تک کھلاڑیوں کی فٹنس اعلیٰ معیار کی نہیں ہوگی ان کے کھیل میں تسلسل جاری نہیں رہ سکے گا،علاوہ ازیں جان لیوا کرونا وائرس کو شکست دینے کیلئے کھلاڑیوں سمیت ہر فرد کواحتیاطی تدابیر اپنانی چاہیں۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دی لاہور لائسیم سکول گلبر ک کیمپس کے ڈائریکٹر اسپورٹس خاور محمود نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کرنا کھلاڑیوں کے مفاد میں ہے کیونکہ کھلاڑی ملک وقوم کا سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری انسانیت امتحان سے دوچار ہے موجودہ حالات میں انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی جانب رجوع کرنا چاہیے ، کرونا وائرس کے خوف اور دہشت میں مبتلا ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیراختیار کرکے کرونا وائرس سے بچا جاسکتا ہے ۔