اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزارت داخلہ نے کر ونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئی این جی اوز کو حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے نئے احکامات جاری کر دیئے ۔ آئی این جی اوز کو اپنے ایکشن پلان اور ٹارگٹڈ علاقوں کی نشاندہی کرنی ہو گی اور ان تفصیلات پر مبنی چارج شیٹ جمع کرانا لازمی ہو گا، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر این او سی درکار نہیں ہو گا، تمام تنظیمیں این ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم اے کے ساتھ کام کریں گی، صرف وہ تنظیمیں جنہوں نے حکومت پاکستان کے ساتھ معاہدہ سائن کیا ہے ان کو اپنے پلان پر کام کرنے کی اجازت ہوگی، ان 70 تنظیموں کے نام جاری کر دئیے جائیں گے ، پراجیکٹ کی تکمیل کی رپورٹ متعلقہ اداروں کی تصدیق کے ساتھ 15 دن کے اند جمع کرانا لازم ہو گی، حکومت کے مقرر کردہ احکامات کے مطابق 8 مقرر کردہ زمرے میں آنے والے پلان آف ایکشن کی اجازت ہو گی، کسی نئی کیٹیگری کا اضافہ نہیں ہوگا، این او سی سے مستثنیٰ ہونے کی اجازت صرف کروناریلیف ورک کے لئے 6 ماہ کی مدت کے لئے اوراین ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم اے کے ساتھ کام کرنے کے لئے دی گئی ہے ۔تنظیموں کی تمام تفصیلات کا اعلان وزارت داخلہ کی ویب سائٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔