اسلام آباد،کراچی ،پشاور (خبر نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،صباح نیوز)کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اٹامک انرجی کمیشن ،پالپا ،پیمرا اور 400ڈاکٹر زنے اپنی 2 سے 3 دن کی تنخواہیں عطیہ کرنے کااعلان کردیا۔ کرونا سے بچائو کے لئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سینئرافسران نے 3 دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کااعلان کردیا۔ترجمان کے مطابق جونیئرافسران 2 دن اورباقی سٹاف ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرے گا۔پی اے ای سی نے قومی اداروں کوسینیٹائزراورجراثیم کشن کلورین کی فراہمی کاآغازکردیا،ترجمان کے مطابق جوہری توانائی کمیشن کوروناکیخلاف جنگ میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے گا۔پاکستان ایئر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن (پالپا) نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے قائم کردہ کویڈ 19 فنڈ کے لئے تین دن کی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ خیبر پختونخوا کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے چار سو ڈاکٹروں نے اپنی دو دن کی تنخواہیں عطیہ کردیں۔دریں اثناپیمراکے چیئرمین محمد سلیم بیگ نے پی ایس 10 اور اس سے اوپر کے عہدے کے افسران کی تین دن جبکہ پی ایس ایک سے نو سکیل کے ملازمین اور کنسلٹنٹس کی دو دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ چیئرمین پیمرا نے کہا ہے کہ کورونا کی اس وبا سے نمٹنے کیلئے تمام قوم کو متحد ہونے اور اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں ۔ انہو ں نے کہا کہ ضروری اقدامات کے ساتھ عوام میں بھرپور آگاہی کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے میڈیا قومی فریضہ میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی آگاہی سے متعلق پیغامات عوام تک باہم پہنچا رہا ہے ۔