لاہور،اسلام آباد،کراچی ،کوئٹہ،فیصل آباد، لندن، بیجنگ، تہران، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مزید 44افراد ہلاک ہوگئے اوراموات کی تعداد 2858ہو گئی جبکہ پاکستان میں کرونا کے دونوں مریضوں کی حالت میں بہتری آنے لگی ہے اورکرونا کے خدشات کے باعث بند پاک ایران بارڈر عارضی طور پر کھل گیا ۔ سرحد پار پھنسے ایک350 زائرین کو تفتان کے پاکستان ہاؤس منتقل کردیا گیا جن کو سکریننگ کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دی جائیگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے وزرا نے کہا کہ صوبہ میں کرونا کا ایک بھی مشتبہ مریض موجود نہیں۔5 ہزار زائرین ایرانی سرحد پر موجود ہیں جنہیں مرحلہ وار پاکستان ہاؤس منتقل کیا جا رہا ہے ۔ تفتان قرنطینہ میں زائرین رکیں گے ۔وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور بلیدی نے کہا کہ گلوبل وائرس سے نمٹنے کیلئے 20کروڑ روپے جاری کردیئے ہیں۔دریں اثنا کرونا کے باعث تاجر اورمزدور تفتان چھوڑنے لگے جبکہ پاک ایران سرحد پر تجارتی بندش کی وجہ سے وہاں کاروباری سرگرمیاں ختم ہو کررہ گئیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان میں کرونا کے دونوں مریضوں کی حالت میں بہتری آرہی، دونوں مریضوں سے منسلک لوگوں کے ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔تاہم حفاظتی سامان کا بحران سنگین ہوگیا۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کے آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔ہیلپ لائن کیساتھ کرونا آن لائن پورٹل کا آغاز کردیا ہے ۔ محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ شہری خوفزدہ نہ ہوں، صورتحال قابو میں ہے ۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں کرونا سے متاثرہ نوجوان یحییٰ کے دوست، کلاس فیلوزاور اہلخانہ کو کلیئر قرار دیدیا گیا ہے ۔ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ میں نے خود تفتان بارڈر کا دورہ کیا ۔ میڈیکل چیک اپ کے بعد پاکستانیوں کو مختلف گروپوں میں ایران سے واپس ملک آنے دیا جائیگا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تفتان سرحدی پوائنٹ کھولنے کے حکومتی فیصلے پر وفاقی وزیرداخلہ اوروزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو ٹیلیفون کیا اوربارڈر کھولنے کے بعد کرونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات پرتبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیرداخلہ نے بتایا کہ تفتان بارڈر کھلنے پرجو بھی مسافر ایران سے واپس آرہے ہیں انکو بلوچستان میں قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے ۔ لندن سے جاری بیان میں صدر مسلم لیگ ن و قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہبازشریف نے کرونا سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خطرات کے مقابلہ کیلئے حکومت کی ابھی تک کوئی حکمت عملی سامنے نہ آنا تشویشناک ہے ۔کوئی رسک نہیں لیاجاسکتا،سکولوں میں خصوصی حفاظتی انتظامات فی الفور کئے جائیں۔علاوہ ازیں ن لیگ نے کرونا پر فوری آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے اور آگاہی مہم چلانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ۔ عظمیٰ بخاری کی جمع کرائی قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان میں کروناکیسز پر گہری تشویش ہے ۔کراچی میں کھارادر کے رہائشی 2مریضوں علی اصغر اور مختیار حسین کو ٹیسٹ کے بعد کرونا سے کلیئرقرار دیدیا گیا۔فیصل آباد الائیڈ ہسپتال میں شبہ میں داخل شاہان کی رپورٹ بھی منفی نکلی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن میں کرونا سے بچاؤ کیلئے زبانی احکامات کے تحت بائیو میٹرک حاضری کو تا حکم ثانی بند کر دیاگیا اور ہر سیکشن میں حاضری رجسٹر رکھ دیئے گئے ہیں۔دریں اثناوہاڑی میں کرونا کے 2مشتبہ مریضوں فرحان اور غلام حسین کو تحصیل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا کی سربراہی میں اہم اجلاس میں حکومت نے کرونا کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند نہ کرنے ،تاہم مسافروں کی سکریننگ کرانے کا فیصلہ کرلیا اور احکامات بھی جاری کر دیئے ۔کرونا کے خدشات کے پیش نظر عوام میں آگاہی مہم چلانے اور حفاظی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر عثمان یونس نے کہا کہ15روز میں متاثرہ ممالک سے واپس آنیوالے مسافروں اور انکے اہلخانہ کی سکریننگ کی جائیگی۔ادھرمحکمہ تعلیم پنجاب نے کرونا سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر مبنی کتاب تیار کرا لی جبکہ تمام اضلاع میں تقسیم کے احکامات بھی جاری کردیئے ۔کتابچے میں بچوں کو صفائی ستھرائی اور کرونا سے بچائو کی تدابیر بتائی گئی ہیں۔ادھرجاپانی ساحل پر لنگرانداز کروز شپ ڈائمنڈپرنس میں کرونا سے پہلابرطانوی ہلاک ہوگیا۔کروناکے باعث ایران کے سابق سفیر سعید ہادی کا بھی انتقال ہوگیا، وہ تہران کے ہسپتال میں زیرعلاج تھے ۔سعید ہادی ویٹی کن میں بھی بطور سفیر خدمات انجام دیتے رہے ، انکی عمر 81 سال تھی۔ایران نے عالمی ادارھ صحت کے ماہرین اور ذمہ دار حکام کو ایران میں موجود میڈیکل، صحت اور علاج کے وسائل کا جائزھ لینے کی دعوت دی ہے تا کہ ضروری مشوروں کیساتھ وائرس کی روک تھام کیلئے دیگر ممالک کے تجربات کا تبادلہ ہوسکے ۔ ذرائع نے بی بی سی فارسی کو بتایا کہ ایران میں کروناکے 210 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ قم میں ہسپتال کے میل نرس نے ایرانی ذمہ داران پر الزام عائد کیا کہ وہ کرونا اور اس سے اموات کے حقائق چھپا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ وڈیو میں اس نے کہا کہ گزشتہ رات چند گھنٹوں میں کرونا کے 8 مریض فوت ہوئے ، میں عینی شاہد ہوں،کب تک سنگین مرض کیساتھ مضحکہ خیز طور سے نمٹیں گے ۔کرونا سے اٹلی میں 17 ہلاکتیں ہوگئیں۔امریکی ریاست کیلیفورنیامیں 33افراد کرونا سے متاثر ہیں۔امریکی حکام نے بحرالکاہل کاسفرکرنیوالے امریکی جہازوں کو14روزتک سمندرمیں قرنطینہ میں رہنے کاحکم دیا تاکہ اگر ان میں کوئی کرونا کا مریض ہو تو سامنے آجائے ۔علاوہ ازیں کرونا وائرس کے بڑھتے خدشات سے عالمی سٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار ہوگئیں اور تین بڑی سٹاک مارکیٹیں10فیصدگراوٹ کیاتھ بند ہوئیں۔کرونا کے خوف کے سبب امریکی سٹاک مارکیٹ 9 سال کی بدترین سطح پر گر گئی، ایس اینڈ پی فائیو ہنڈرڈ 4 اعشاریہ 4 فیصد گر گیا۔ٹرمپ انتظامیہ کی سٹاک مارکیٹ کوسنبھالادینے کی کوشش بھی ناکام رہی ۔ماہرین نے امریکی معیشت کو اتنا بڑا نقصان ایک خون آلوددن قرار دیتے ہوئے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں مندی سے اہم اشاریوں کامنافع ختم ہوسکتاہے ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں کرونا وائرس کا پھیلاوروکنے کی مہم کا اعلان کیا اور کہا کہ چینی مسافروں پر پابندی کے باعث امریکہ میں کرونا کا خطرہ بہت کم ہو گیا ، آئندہ دنوں میں مرض بالکل ختم ہو جائیگا۔ سٹاک مارکیٹ ٹھیک ہو جائیگی۔چین نے کرونا وائرس کی ایجاد کا الزام امریکہ پر عائد کردیا اور معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا عندیہ دید یا جبکہ روسی سائنسدانوں نے بھی چینی سائنسدانوں کے دعویٰ کی تصدیق کی ۔