اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) کرونا وائرس کے حوالے سے حکومت کی طرف سے شہریوں کیلئے قائم کی گئی ہیلپ لائن غیرمفید ثابت ہونے لگی۔ ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے ۔ روزنامہ92نیوز میں قارئین کی ٹیلی فون کالز کا تانتا بندھ گیا۔ شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلپ لائن بے معنی ہوکر رہ گئی ہے ، جب بھی کرونا کی صورتحال یا مشتبہ مریض کے حوالے سے ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جاتا ہے تو اول تو نمبر مسلسل مصروف ملتا ہے ، اگر نمبر مل بھی جائے تو اس پر قارئین کو خودکار نظام کے تحت آگے مزید نمبر ڈائل کرنے کے لامتناعی سلسلے پر لگا دیا جاتا ہے جس کا کوئی خاتمہ نہیں ہوتا۔ قارئین کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن کا کوئی فائدہ نہیں ہو رہا، ایسی بے کار ہیلپ لائن ذہنی کوفت کا باعث بن گئی ہے ۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے وہ ہیلپ لائن کے عضو معطل ہوجانے کا نوٹس لے ،اسے سہل اور فعال کرکے صحیح معنوں میں عوام کیلئے مددگار بنایا جائے ۔