لاہور، اسلام آباد (جنرل رپورٹر، کرائم رپورٹر، این این آئی ) پوری قوم نے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے فرنٹ لائن خدمات پر مسیحائوں کو خراج تحسین پیش کیا، ملک بھر میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے لیے سفید پرچم لہرائے اور گیت گائے گئے ، لاہور، کراچی، سکھر، پشاور، حیدر آباد ، پشاور ،کوئٹہ ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں طبی عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے عوام نے بڑی تعداد میں تالیاں بجائیں، بچوں، خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے اپنی چھتوں، فلیٹوں کی گیلریوں میں کھڑے ہوکر سفید پرچم لہرائے ۔ عوام نے طبی عملے کی کوششوں کو سراہنے کے لیے گیت بھی گائے کہا کہ ’’ہمیں تم سے پیار ہے ‘‘۔ لاہور میں ڈاکٹرز نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو سلیوٹ پیش کرنے کے لئے میو ہسپتال ،گنگا رام ،سروسزاور دیگر ہسپتالوں میں خصوصی تقاریب ہوئیں ، لاہور پولیس اور ڈولفن سکواڈ کے جوانوں نے ڈاکٹرز کو سلامی پیش کی ، پولیس گارڈ نے ایس پی ڈولفن و ایس پی سول لاہن کی قیادت میں ڈاکٹرز کو سلامی پیش کی ، سلامی کے دوران پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی ،ایس پی ڈولفن عائشہ بٹ نے کہا ڈاکٹرز کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، لاہور پولیس بھی ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ کرونا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے ، ڈاکٹرز کو سلام پیش کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے ، لاہور پولیس بھی ڈاکٹرز کی شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ پولیس کامورال کسی طور بھی کم نظر نہیں آتا ، دیگر تقاریب بھی منعقد کی گئیں جہاں ڈاکٹروں اور نرسز سے اظہار یکجہتی کے لئے سفید پرچم بھی لہرائے گئے ، بعض مقامات پر شہریوں نے بھی ڈاکٹرز سے اظہار یکجہتی کے طور پر سفید پرچم لہرائے ، اے ایس پی رائے ونڈ رضا تنویر نے مقامی ہسپتال آمد جا کر وبائی مرض میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کیا، رضا تنویر نے ڈاکٹروں کو گلدستے پیش کئے ، پولیس افسروں کی طرف سے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سلیوٹ کیا گیا، رائیونڈ کے ڈاکٹرز بھی جذبہ خیرسگالی کے طور پر پھول لیکر پولیس آفس پہنچ گئے ۔