لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ، کراچی (جنرل رپورٹر، خبر نگار خصوصی، نامہ نگار ،لیڈی رپورٹر ، نامہ نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر،کامرس رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ) کرونا وائرس نے ایک اور مریض کی جان لے لی۔ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1077 ہوگئی ۔راولپنڈی میں زیرعلاج خاتون بدھ کے روز دم توڑ گئی۔کمشنر راولپنڈی نے ہلاکت کی تصدیق کر دی، سوہاوہ کی رہائشی شاہدہ 21 مارچ سے زیرعلاج تھی اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھی۔گزشتہ روز مجموعی طور پر87 کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 43، پنجاب میں 27، بلوچستان میں 9، گلگت میں 4، سندھ میں 3 اور اسلام آباد میں ایک شخص میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1077 تک جاپہنچی ہے جبکہ مہلک وائرس سے ابتک 22 افراد صحتیاب ہوچکے جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے ۔ سندھ میں 413،پنجاب 323،بلوچستان119،خیبرپختونخوا117،گلگت بلتستان84،اسلام آباد16اورآزادکشمیرمیں ایک مریض ہے ۔ وزارت صحت پنجاب کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں تفتان سے لائے گئے زائرین میں 176، لاہور میں 80، گجرات میں 21، جہلم میں 19، گوجرانوالہ میں 8، ملتان 7،راولپنڈی 4، فیصل آباد3، منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا، رحیمیار خان ، نارووال، اٹک میں ایک ایک شخص میں کروناکی تشخیص ہوئی ہے ۔اٹک کے علاقے غریبوال میں کرونا کا کیس سامنے آنے کے بعدعلاقے کو سیل کر دیا گیا۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے جہلم میں کرونا کے مزید 14مریض کنفرم ہوگئے ۔یہ تمام لوگ یا تو بیرون ملک سے آئے یا ان کے رشتہ داروں سے انہیں وائرس منتقل ہوا ہے ۔سادھوکے میں بھی ایک مریض کی تصدیق ہو گئی ۔25 سالہ ارسلان چند روزقبل دبئی سے واپس آیا تھا۔گذشتہ روز اسکی رپورٹ پازیٹو آئی تو محکمہ صحت کی ٹیم نے موقع پر پہنچ گئی اور اس کے گھر سمیت اردگرد کے پانچ گھروں کو قرنطینہ میں بدل دیااور رہائشیوں کی سکرینگ شروع کر دی ۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے انکشاف کیا کہ الحمداللہ 600زائرین کے ٹیسٹ نیگٹو آئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ٹویٹ میں کہی ۔انکا کہنا تھا زائرین کو 14روز قرنطینہ میں رکھنے کے بعد ٹیسٹ کئے گئے جو نیگٹو آئے جس کے بعد انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی تاہم انہیں زیر مشاہدہ رکھا جائے گا ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) عثمان نے کہا لاہور میں4 مقامی کیس سامنے آگئے ۔ پنجاب میں لوکل ٹرانسمیشن کے کل 10 کیس ہیں۔متاثرہ افراد کے بیرون ملک سفر کاکوئی ریکارڈ نہیں۔ کراچی میں 24گھنٹوں میں صرف 3افرادمیں کرونا کی تصدیق ہوئی۔کراچی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد147،سکھر265 اورسندھ بھرمیں مجموعی تعداد413ہے ۔مردان کی یونین کونسل منگا میں مزید 39 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے ٹویٹ کی یونین کونسل منگا میں46 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 39 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ۔صوابی اور خیبر میں دو افراد میں کرونا کی تصدیق ہوگئی ، خیبر پختونخوا میں مریضوں کی تعداد119ہوگئی ۔24 گھنٹوں کے دوران مزید 138مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے جس سے خیبر پختونخوا میں مشتبہ افراد کی تعداد 694 ہوگئی ہے ۔ تفتان قرنطینہ سنٹر میں مقیم 5 افراد کی رپورٹ مثبت آ گئی۔ بلوچستان حکومت نے تفتان سے مزید 150 زائرین کوقرنطینہ کیمپ کوئٹہ پہنچا دیا ۔اسلام آبادسے بھاگنے والا کرونا کا مریض نوابشاہ سے پکڑا گیا ہے ۔مریض اسلام آباد کے قرنطینہ سنٹر سے بھاگ کر ٹرین کے ذریعے فرار ہو گیا تاہم اسے موبائل کی لوکیشن کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔مریض کونوابشاہ کے قریب آف لوڈ کر کے متعقلہ قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا ہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ملک میں کرونا کے 64 فیصد مرد اور 26 فیصد خواتین ہیں۔ 5 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، زیادہ تر مریضوں کی عمریں 25 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ظفر مرزا نے کہا دوحہ سے گزشتہ رات فلائٹ آئی اور 148 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے ، بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ سب کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان میں کرونا وائرس کیسز سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا ملک کے تمام صوبوں میں کیس رپورٹ ہوئے ہیں ، سب سے زیادہ کیس سندھ میں رپورٹ ہوئے ، سندھ میں یومیہ 1200سے زائد کرونا کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ 22 سے 23 مارچ کے دوران 115 کیس سامنے آئے اس کے بعد 24 مارچ تک5857 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 918 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ حکومت سندھ نے صوبے میں جزوی طور پر12 گھنٹے کیلئے کرفیو لگا دیا ہے ،نئے حکم کے تحت رات 8 بجے کے بعد کسی کو بھی سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ صرف ہسپتالوں کے قریب واقع میڈیکل سٹورزکھلے رہیں گے ، پٹرول پمپ اور سی این جی سٹیشنز بھی رات 8 بجے تک بندکرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے چین سے خصوصی کارگو طیارہ ماسک اور حفاظتی سامان لیکر کراچی پہنچ گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چین سے آئے این 95 ماسک اورطبی سامان کی کھیپ وصول کی۔خصوصی کارگو طیارے نے کراچی ایئر پورٹ پرلینڈ کیا جس میں چینی کمپنیوں جیک ما فائونڈیشن اور علی بابا فائونڈیشن کی جانب سے حفاظتی ماسک اور دیگر سامان بھجوایا گیا۔ سامان میں این95سمیت 10لاکھ فیس ماسک اور 50ہزار ٹیسٹنگ کٹس بھی شامل ہیں۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے یہ ماسک چین کی جانب سے عطیہ کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کی جانب سے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ امدادی کھیپ این ڈی ایم اے کے ذریعے پورے ملک میں تقسیم کیے جائیگی۔ کراچی میں چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے اس موقع پر کہا پاکستان میں جب سے وبائی مرض پھیلا ہے ، چین کی حکومت اور عوام نے اپنے آہنی بھائی پاکستان کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور انہیں مدد فراہم کر رہے ہیں۔پختہ یقین ہے پاکستان اس وبائی مرض کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرے گا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے سیلانی ہیڈ آفس بہادر آباد کا دورہ کیا اور ان کے گوداموں اور راشن پیکنگ سسٹم کا معائنہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے راشن تقسیم کا افتتاح کرنے کیلئے مستحق شخص میں آٹا تقسیم کیا۔ٹاسک فورس کے اجلاس میں محکمہ صحت نے وزیر اعلی سندھ کوبتایا ہمارے پاس 484 وینٹیلیٹرز ہیں ، 353 فنکشنل،52 خراب ہیں ، 43 ابھی نصب کرنے ہیں اور 21 خریدے جارہے ہیں۔محکمہ صحت نے 3718 ٹیسٹ کیے ہیں ، ان میں سے 3304 منفی قرار دیئے گئے جبکہ 413 کی تشخیص مثبت آئی ہے جبکہ 485 کے نتائج زیر التوا ہیں۔وزیر اعلیٰ نے 290 وینٹیلیٹرز، ایک گھنٹے میں10 ٹیسٹ کرنے والی 100 ریپڈ کٹ اینٹیجن ٹیسٹ مشینیں (آر کے اے ٹی ایم)اور ایک لاکھ اینٹیجن ٹیسٹنگ کٹس، آر ٹی لیمپ ٹیسٹنگ مشینوں اور 10000 آر ٹی لیمپ کٹس کی خریداری کی منظوری دیدی۔ علاوہ ازیں سرکاری ہسپتالوں میں 1874 مشتبہ واقعات رپورٹ ہوئے ، جن میں سے 93 کے ٹیسٹ ہوئے ۔ نجی ہسپتال میں 702 کیس رپورٹ ہوئے اور ان میں سے 27 کے ٹیسٹ کیے گئے ۔ایکسپو سنٹرکراچی میں قائم 1110 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کل سے کھول دیا جائے گا۔وزیر اعظم کی ہدایت پرنیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف )نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کو 50 ملین ڈالر دینے کی منظوری دیدی۔این ڈی ایم اے فنڈ سے کرونا ٹیسٹنگ کٹس، آر این اے ایکسٹریکشن کٹس، موبائل ایکسرے مشین، کلینیکل آئی سی یو وینٹی لیٹرزسرنج پمپس،این 95 ماسک، حفاظتی سوٹ، تھرمل گنز اور سکینر خریدے گا۔چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد سول سیکرٹریٹ میں حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کوئٹہ کو مکمل لاک ڈائون کرنے کا فیصلہ کرلیا۔آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں31 مئی تک توسیع کردی گئی جبکہ کرونا سے نمٹنے کیلئے باضابطہ فنڈ بھی قائم کردیا ۔وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزرا اپنی آدھی ماہ کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرا ئیں گے ۔آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے ججز نے فی کس 2 لاکھ روپے فنڈ میں جمع کرانے کااعلان کیا ۔ وفاقی دارالحکومت کے علاقے بارہ کہو کو سیل کرتے ہوئے شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ علاقے کی ذمہ داری پاک فوج کے سپرد کردی گئی ۔ بارہ کہو کے علاقے کوٹ ہتھیال میں تبلیغی جماعت کے 6ارکان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس پر دو مساجد کو سیل کر کے کوٹ ہتھیال کو قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا تھا ۔بعداازاں بارہ کہو میں مزید سات کیس سامنے آنے پر بارہ کہو کا مکمل علاقہ سیل کر دیا گیا ۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو راشن کی ترسیل یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری ایس او پیز کے تحت بارہ کہو کے اندر دکانیں کھلی رہیں گی اور انتظامیہ کی نگرانی میں گاڑیوں میں راشن دکانوں تک پہنچایا جائے گا جہاں سے شہری راشن خرید سکیں گے ۔ آٹھویں ہلاکت