لاہور،اسلام آباد، پشاور، کراچی، کوئٹہ (جنرل رپورٹر ، سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) کرونا وئرس کے مزید 2 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1496 ہوگئی۔آزاد کشمیر میں بھی مساجد میں نماز پر پابندی لگادی گئی جبکہ مشرقی اورمغربی سرحد مزیددوہفتوں کیلئے بند کر دی گئی۔رحیمیارخان کے شیخ زاید ہسپتال میں زیر علاج خاتون ہفتہ کو زندگی کی بازی ہارگئی۔خاتون کوچندروزقبل آئسولیشن وارڈمیں منتقل کیاگیاتھا۔لاش ورثاکے حوالے نہیں کی گئی،خاتون کومحکمہ صحت اہلکاروں اورپولیس کی موجودگی میں سپردخاک کر دیا گیا۔فیصل آبادمیں جاں بحق 22 سالہ ذیشان کو پولیس اور محکمہ ہیلتھ کے عملہ کی نگرانی میں حفاظتی اقدامات کرکے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا جبکہ اس کے گھرکے تین افراد کو قرنطینہ سنٹر منتقل کردیاگیا۔لوئردیر میں جاں بحق خاتون میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی گئی، خاتون 17 مارچ کو عمرے کی ادائیگی کے بعد واپس آئی تھی،جاں بحق خاتون کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گاؤں زیارت بخاری تالاش کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا۔ ہفتہ کو ملک بھر میں کرونا وائرس کے 123 نئے کیس سامنے آئے ، پنجاب میں67،سندھ 29 ، اسلام آباد 12، گلگت8 اور بلوچستان میں 7 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1496 تک جاپہنچی ہے ،ابتک27 افراد صحتیاب ہوچکے جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سے 2، 2 جبکہ ایک کا پنجاب سے تعلق ہے ۔ پنجاب میں 557، سندھ 469، خیبرپختونخوا180، بلوچستان 138، گلگت بلتستان 111، اسلام آباد 39جبکہ آزاکشمیر میں 2مریض ہیں۔محکمہ صحت نے ٹوئٹر پربتایا کہ لاہور میں 119، گجرات 51، جہلم 21، راولپنڈی 19، گوجرانوالہ 10، فیصل آباد 9، ڈی جی خان 5، منڈی بہاؤالدین 4 ، ملتان 3، سرگودھا،میانوالی، ننکانہ صاحب میں2، 2 جبکہ نارووال ، رحیمیار خان، اٹک ، بہاولنگر اور خوشاب میں ایک ایک کیس ہے ۔ ملتان میں48 اور ڈی جی خان میں 207 زائرین کرونا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ رائیونڈ قرنطینہ مرکز میں 21 مریض موجود ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے دو کارکنوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔نجی ٹی وی کے اینکر اور پروڈیوسر کرونا سے متاثر ہو گئے ۔اینکر اور پروڈیوسر کو جناح ہسپتال کے آئسولیشن سنٹر میں رکھا گیا ہے ۔ میڈیا گروپ کا ایک پروڈیوسر پہلے ہی میو ہسپتال میں داخل ہے ۔ ایک ہی چینل سے کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔ کرونا کے 2 مشتبہ مریض سامنے آنے پر 56 ڈبلیو بی بدھانوالہ کو14 دن کیلئے لاک ڈائون کر دیا گیا۔راولپنڈی کے متعدد علاقے سیل کردیے گئے ۔پولی کلینک ہاسٹل کے مزید 10 ڈاکٹر قرنطینہ منتقل، ہسپتال کی اوپی ڈی بند کر دی گئی ۔کے پی ایل آئی میں کروناکاپہلامریض صحتیاب ہوگیا،ہسپتال انتظامیہ نے 18سالہ بلال کوڈسچارج کردیا ۔ڈی جی خان قرنطینہ مرکز سے کلیئر ہونے والے زائرین کو انکے گھروں میں مزید 14دن تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ کراچی میں کرونا کے 17کیس سامنے آگئے ، محکمہ صحت سندھ کے مطابق تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔ لیاقت نیشنل ہسپتال کے ایک ڈاکٹر میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔ ہسپتال ترجمان کے مطابق ایک ریڈیالوجسٹ کرونا وائرس سے متاثر ہواہے ۔متاثرہ ڈاکٹر رائیونڈ تبلیغی اجتماع سے واپس آئے تھے ۔حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے چینی کارکن میں کرونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد تبلیغی جماعت کے علاقائی مرکز کو قرنطینہ قرار دیکر 210 ارکان کو مسجد سے باہر جانے سے روکدیا گیا۔سکھرمیں شکارپور روڈ پرواقع تبلیغی مرکز کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا۔ تبلیغی مرکز میں 100 سے زائد افراد موجود ہیں اور ان تمام افراد کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے ۔ بلوچستان حکومت نے قیدیوں کی سزا میں تین ماہ کی رعایت دے دی۔سنگین جرائم کے مجرمان پر اطلاق نہیں ہوگا۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز ہسپتال میں آئیسولیشن سنٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حفاظتی لباس پہن کر مریضوں کی عیادت کی۔ ایک انٹرویو میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا حکومت کوئی کیسز نہیں چھپا رہی، ہم بالکل شفاف کام کر رہے ہیں ۔تمام اعدادو شمار حکومت کی ویب سائٹ پرموجود ہیں اور ہم ٹیسٹ کے اعداد و شمار بھی جلد دیں گے ۔کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں جلد اضافہ ہوگا۔ انہوں نے تصدیق کی تین صحافی بھی کرونا وائرس کا شکار ہوچکے جن کا تعلق پنجاب سے ہے ۔ان کا کہنا تھااین ڈی ایم اے قرنطینہ سنٹر کا دورہ کرنے والے صحافیوں کو حفاظتی کٹس فراہم کرے گا۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزانے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ملک میں کروناکے مشتبہ کیسز کی تعداد12ہزارہوگئی ہے ،25 افراد مکمل صحتیاب ہوچکے ،7180لوگ مختلف قرنطینہ میں موجود ہیں،725افراد مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں،قرنطینہ سنٹرزمیں زیادہ تعدادزائرین کی ہے ۔ پاکستان میں ڈیتھ ریٹ0.78فیصدہے جو دنیاسے انتہائی کم ہے ۔وزیر اعظم کے مشیر معید یوسف نے کہا مشرقی اورمغربی سرحد مزیددوہفتوں کیلئے بندرہے گی،افغانستان،ایران اوربھارت کیساتھ سرحدبندرہے گی،کرتارپورسرحدبھی دو ہفتوں کیلئے بند رہے گی، 4اپریل تک بیرون ملک پروازوں پر پابندی ہوگی،اسلام آبادسے گلگت اور سکردوکے علاوہ ڈومیسٹک پروازیں بھی معطل ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل افضل نے کہا مختلف ممالک سے وینٹی لیٹرز جلدپہنچ جائیں گے ،15ٹن سامان میں انفراریڈ واک تھرو گیٹس، وینٹی لیٹر زشامل ہوں گے ۔ کے پی کیلئے ایک لیبارٹری بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ،کراچی میں 3انسٹیٹیوشن کو ٹیسٹنگ کٹس اور مشینیں دے رہے ہیں۔