لاہور، اسلام آباد، بیجنگ، ڈھاکہ ، نیویارک (جنرل رپورٹر، نامہ نگار، خبر نگار خصوصی، خبرنگار، ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)چینی صوبہ ووہان میں پھیلے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 80 ہو گئی جبکہ 3ہزار افراد متاثر ہیں۔خطرناک وائرس سے صرف ہبئی میں 76 افراد ہلاک ہو چکے ۔چین نے وبا کو روکنے کے لیے عام تعطیل میں بھی توسیع کر دی جبکہ چینی وزارت خزانہ اور نیشنل ہیلتھ کمیشن نے کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لئے 9 ارب امریکی ڈالر کے برابر رقم جاری کر دی ۔ادھر چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر ووہان کا دورہ کیااور وبا پر قابو پانے سے متعلق کوششوں کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں امریکہ میں کرونا وائرس کے 5 مریضوں کی تصدیق ہو گئی جن کا تعلق کیلیفورنیا، ایری زونا، الی نوائے اور واشنگٹن سے ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرونا وائرس کے معاملے پر چین کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔امریکہ میں بہت کم کیسز رپورٹ ہوئے لیکن کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔چینی ہم منصب کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے ۔ادھر بنگلہ دیش میں چین کا سفر کرنے والے 2 ہزار افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ علاوہ ازیں ووہان کی انجینئرنگ اینڈ سائنس یونیورسٹی میں محصور پاکستانی طلبہ نے ویڈیو بیان جاری کردیا۔پاکستانی طلبہ یونیورسٹی میں ہی محصور ہوگئے ہیں۔ویڈیو میں انہوں نے چینی اور پاکستانی حکام سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث ووہان کا چین سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے اور 12 جامعات کے 2 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ خوراک کی قلت کا شکار ہیں۔پاکستانی طلبہ نے وزیراعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور وزارت خارجہ چین کے آفت زدہ صوبے سے نکلنے میں مدد کریں۔ دفتر خارجہ نے اس معاملے پر کہا یہ معاملہ چینی حکام سے اٹھایا ہے ۔ دریں اثناوفاقی کالجز کے پروفیسرز کی تنظیم نے وفاقی نظامت تعلیمات کو باقاعدہ تجویز تحریری شکل میں بھجواتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم چلائی جائے ۔ادھر پاکستان میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے ،وائرس سے متاثرہ تین افرادسروسز ہسپتال لاہور جبکہ 2 نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج ہیں۔نشتر ہسپتال میں داخل 2مریضوں میں سے ایک مریض پاکستانی شہری ہے ، سروسز ہسپتال میں داخل تینوں مریضوں کا تعلق چینی شہر ووہان سے ہے ۔دوسری طرف کرونا وائرس کے پنجاب میں مشتبہ کیسز کا معاملہ پر محکمہ صحت پنجاب نے 4ہسپتالوں کوعلاج معالجہ کے لیے فوکل ہسپتال قرار دے دیا ۔چاروں ہسپتال قریبی ائیرپورٹس پر سول ایوی ایشن حکام سے مکمل رابطہ میں رہیں گے ۔ لاہور سے سروسز، نشتر ہسپتال ملتان ، بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی اور علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ بھی فوکل ہسپتال قراردیئے گئے ہیں ۔اوچ شریف میں محکمہ صحت کی ٹیم نے سی پیک پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کے کیمپ کا دورہ کیا اور کرونا وائرس کی تشخیص کے حوالے سے طبی جانچ پڑتال ، ٹیسٹ کے لئے خون کے نمونے لئے ۔بعدازاں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نوول کرونا وائرس جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ویڈیو کانفرنس کے ذریعے متعدی امراض کے عالمی ماہرین سے مشاورت کی گئی۔علاوہ ازیں کرونا وائرس کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیم کل پشاور آئے گی۔ واشنگٹن(نیٹ نیوز)چین میں پھیلنے والے خطرناک کرونا وائرس سے اسی افراد کی ہلاکت کے باعث امریکی سٹاک ایکسچینج سمیت دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھنے میں آئی جبکہ تیل کی قیمتیں بھی کم ہوگئیں۔کرونا وائرس کے بدستور پھیلنے کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کار پریشان ہیں۔امریکی ایس اینڈ پی سٹاک مارکیٹ 1.5،نیسڈیک1.5اور ڈاؤ1,2فیصد گرگیا۔امریکی ائیر لائن کے شیئرز میں چار فیصد سے زائد کمی ہوگئی۔مکاؤ میں کیسینو چلانے والی کمپنی وائن ریزارٹس9فیصد تک گری۔جاپان کی نکیز225کے انڈیکس میں2فیصد کمی ہوئی۔شنگھائی سمیت ایشیا کی بیشتر سٹاک مارکیٹیں نئے سال کے حوالے سے بند رہیں۔