لاہور( جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور کے بعض ہسپتالوں میں کروناکے علاج کی سہولیات کم ہونے کے باعث مریض ہسپتالوں سے بھاگنے پر مجبور ہو گئے ۔ شیخ زاید ہسپتال لاہور سے کرونا سے متاثرہ میاں بیوی سمیت 7 مشتبہ مریض بھاگ کر سروسز ہسپتال علاج معالجہ کیلئے پہنچ گئے ۔دونوں میاں بیوی کی عمریں 30سے 32سال کے درمیان ہیں اور دونوں کنفرم مریضوں کے ٹیسٹ سرکاری لیب سے مثبت آئے ہیں۔ مذکورہ جوڑے نے الزام عائد کیا کہ شیخ زاید ہسپتال میں کرونا کے حوالے سے سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ہم نے سروسز ہسپتال آنے کا فیصلہ کیا ۔ ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر افتخار احمد کا کہنا ہے دونوں کنفرم مریضوں کو فوری آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا ۔ سروسزہسپتال سے کرونا کے 7 مشتبہ مریض بھاگ گئے ، ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کیے گئے لیکن ایک گھنٹے بعد مریض آئسولیشن سے فرار ہوگئے ۔ ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کو رپورٹ کر دیا،انتظامیہ کے مطابق ہسپتال سے بھاگنے والے افراد میں تین خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔اس حوالے سے محکمہ صحت نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔