کراچی ( کامرس رپورٹر)کورونا کی وباء کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مندی کی لپیٹ میں ہے ۔ وائرس کی وباء عالمی اسٹاک مارکیٹس کی طرح پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو بھی لے ڈوبا ہے ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ مسلسل تیسرے ہفتے بھی بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی اور کے ایس ای100انڈیکس مزید2500پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 30 ہزار اور 29 ہزار پوائنٹس کی دو بالائی حد سے گھٹ کر28ہزار پوائنٹس کی پست ترین سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 433ارب روپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 59کھرب روپے سے گھٹ کر 54 کھرب روپے کی پست ترین سطح پر آگیا جبکہ 56.40فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں۔اس طرح گذشتہ تین ہفتے برقرار رہنے والی مندی کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس اب تک 10113.10 پوائنٹس اور کے ایس ای30انڈیکس 5065.16 پوائنٹس کم ہو چکا ہے جبکہ اسی مدت میں سرمایہ کاروں کے 16کھرب 82 ارب سے زاید روپے ڈوب گئے ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق ایس ای سی پی نے کورونا وبا ئکی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کی صورتحال میں ورچوئل ٹریڈنگ کا طریقہ کار اختیا ر کیا تھا مگر پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو یہ طریقہ کار بھی راس نہ آیا جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ نے ٹریڈنگ کے دوران بدترین مندی کی صورت میں مارکیٹ میں کاروبار معطل کرنے کا دورانیہ 45منٹس سے بڑھا کر 2گھنٹے کر دیا تھا لیکن اس کے باووجود مارکیٹ پر ان اقدامات کے اچھے نتائج برآمد نہیں ہوئے جبکہ مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید ڈیڑھ فیصد کمی بھی مارکیٹ کو سہارا نہیں دے سکی اور مارکیٹ میں مندی کے بادل گہرے ہوتے جا رہے ہیں سرمایہ کارنہ صرف مارکیٹ میں نئی پوزیشن لینے سے گریز کر رہے ہیں بلکہ منافع کی خاطر حصص کی فروخت کو بھی ترجیح دے رہے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مسلسل گرواٹ دیکھی جا رہی ہے ۔23مارچ کو یوم پاکستان کی تعطیل کی وجہ سے کاروباری ہفتہ صرف4دن تک محدود رہا جس میں سے 2دن مارکیٹ مندی کی زد میں رہی اور انڈیکس اس دوران3438.61پوائنٹس لوز کر گیا تاہم مزید 2روزہ تیزی سے انڈیکس نے 880.77پوائنٹس ریکور کئے مگر مجموعی طور پر مارکیٹ مندی میں مندی کے بادل چھائے رہے ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 4کھرب33ارب 63 کروڑ 70 لاکھ 30 ہزار 954روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 59 کھرب 7 ارب 84 کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار 838 روپے سے کم ہو کر 54 کھرب 74 ارب 20 کروڑ 89 لاکھ 29 ہزار 884 روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس ایک موقع پر 30667.41 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر 27046.71پوائنٹس کی کم سطح پر بھی دیکھا گیا ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ5ارب روپے مالیت کے 18کروڑ 67 ہزار 45ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم2ارب روپے مالیت کے 9 کروڑ 87 لاکھ 88 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر1234کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 483کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،696 میں کمی اور55کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔ کاروبار کے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،بینک آف پنجاب ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،حیسکول پیٹرول ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،لوٹے کیمیکل ،پاک پیٹرولیم ،پاک انٹر نیشنل بلک ،جہانگیر صدیق کمپنی ،میپل لیف ،فوجی سیمنٹ ،حب پاور کمپنی ،ڈی جی کے سیمنٹ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،پائینر سیمنٹ اور چیرٹ سیمنٹ سر فہرست رہے ۔