غزہ (این این آئی،صباح نیوز)اقوام متحدہ کے فلسطینی اراضی کیلئے رابطہ کار میک گولڈ ریک نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کا فلسطین کے گنجان آباد علاقے غزہ میں داخل ہونا خطرے کی گھنٹی ہے ،عالمی برادری طبی اور امدادی آپریشن میں تعاون کرے ۔قابض صہیونی فوج کی فائرنگ سے مغربی کنارے کے ضلعے رملہ میں دیر ابو مشعل گائوں سے تعلق رکھنے والا فلسطینی شہری زخمی ہو گیا، جنوبی غزہ میں کسانوں پر اور غزہ کے ساحلی علاقے میں ماہی گیروں پر مشین گن سے فائرنگ کی گئی جبکہ دیر النظام گائوں کے مرکزی داخلی دروازے کو بند کر دیا گیا۔صہیونی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں یہودی شرپسندمسجد اقصیٰ میں داخل ہوگئے اور شر انگیزیاں کرتے رہے ۔اسرائیلی آبادکاروں کے ایک گروپ نے مغربی کنارے کے جنوب میں نابلس شہر میں مادمہ گائوں پر ہلہ بول دیا۔درجنوں فلسطینی نوجوان حملے کو روکنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور صہیونی آبادکاروں کے وہاں فرار ہونے کیلئے اسرائیلی فوج فورا موقع پر پہنچ گئی۔اسرائیل کی بدنام زمانہ نفحہ نامی ایک جیل میں قید ایک فلسطینی نے احتجاجاً خود کو آگ لگا دی۔