کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان میں بھی کرونا وائرس کے دو کیسز سامنے آنے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں شدید ہلچل نظر آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے گھبراہٹ میں مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے دباؤ کے باعث مندی چھائی رہی تاہم بعد ازاں حکومتی نمائندوں کے اطمینان بخش اعلانات کے باعث صورتحال میں بہتری آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید251.01پوائنٹس کمی سے 38087.32پوائنٹس کی سطح پر آگیااور244کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو78ارب43کروڑ52لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 68.53فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی پاکستان میں کرونا وائرس پہنچنے کی اطلاعات کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباو دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں شدید مندی چھاگئی اور ابتدائی ڈیڑھ گھنٹے میں کے ایس ای100انڈیکس میں 1400سے زائد پوائنٹس گر گئے جس سے انڈیکس 36920پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں حکومت کی جانب سے صورتحال قابو میں ہونے کے بیانات سامنے آنے کے بعد سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری شروع کی گئی جس سے ریکوری آئی اورمندی کے اثرات محدود ہوگئے لیکن مکمل طور پر زائل نہ ہوسکے اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس251.01پوائنٹس کمی سے 38087.32پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس68.41پوائنٹس کمی سے 17579.21پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس290.99پوائنٹس کمی سے 26396.96پوائنٹس پربندہوا ۔