ووہان ،اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ، سٹاف رپورٹر ، 92 نیوزرپورٹ ، ایجنسیاں ) چین میں خطرناک کرونا وائرس سے مزید 110 افراد لقمہ اجل بن گئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 2360 جبکہ متاثرین کی تعداد 77 ہزار سے تجاوز کر گئی، ایران اور اٹلی میں مزید ایک ایک شخص ہلاک ہو گیا ،ایران میں ہلاکتیں 5ہو گئیں جس کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے ایران سے منسلک سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی،عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں ،چین میں پھنسے بچوں کے پاکستانی والدین نے کہا کہ ہمارے بچوں کو ہرحال میں واپس لایا جائے ۔تفصیلات کے مطابق چین کی حد تک کروناکے پھیلاؤ کی شرح میں کمی آ رہی ہے ، گزشتہ روز چین بھر میں صرف 400 کے لگ بھگ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، چین کے صدر شی جن پنگ نے بل گیٹس کو خط لکھ کر ان کے خط کا جواب دیا ہے اور کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے چین کے اداروں کی مدد کے لئے شکریہ اداکیا ہے ۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے ایک شخص ہلاک جبکہ 16 متاثر ہوئے ہیں،ادھر ایران میں وائرس سے متاثرہ ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا جس سے مرنیوالوں کی تعداد 5ہو گئی جبکہ متاثرین کی تعداد 18 ہوگئی، وائرس سے متاثرہ مریضوں کو شہر قُم کے ایک ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا جبکہ شہر کے تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ،کرونا وائرس کے سبب کویت نے ایران کے لیے تمام پروازیں معطل کر دیں ہیں۔ تہران کے ضلع 13 کے ایک میئر مرتضی ٰرحمان زادہ میں کرونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے ،سعودی عرب نے کرونا وائرس کی وجہ سے مملکت میں مقیم ایرانی باشندوں کو واپس ایران جانے سے روک دیا ہے ۔ ۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کرونا وائرس کے ایسے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن کا چین سے براہِ راست یا دیگر تصدیق شدہ کیسز سے کوئی واضح تعلق نہیں ہے ۔ کرغیزستان نے کرونا وائرس کے پیش نظر چین کے شہریوں کو نئے ویزے کے اجرا کا عمل روک دیا۔ ۔ جنوبی کوریا میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 433 ہوچکی ہے ۔ کرونا وائرس حفاظتی سامان کی قیمتوں میں اضافے کے معاملہ پرمعاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹویٹر پیغام میں پبلک نوٹس جاری کر دیا۔انہوں نے کہاہے کہ حفاظتی سامان کی بلیک مارکیٹنگ سختی سے منع ہے ، صارفین سے درخواست ہے کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں پبلک نوٹس میں دئیے گئے نمبرز پر رابطہ کریں ۔ چین میں پھنسے طلبہ کے والدین نے چیف جسٹس آف پاکستان ،آرمی چیف اور اعلیٰ حکام سے چین میں بچوں کی واپسی کیلئے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ والدین نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چین سے بچوں کو واپس لائیں یا چین کے کسی اور صوبے میں لے جائیں ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کابینہ کو چین میں پھنسے طلبا سے متعلق فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 28فروری تک ملتوی کرد ی چیف جسٹس نے ہدایت کی ہے کہ کابینہ کے اگلے اجلاس میں اس معاملے کو زیر غور لایا جائے اور اس پر فیصلہ کیا جائے ۔