کراچی،لاہور(سٹاف رپورٹر، خبرنگار خصوصی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں کرونا کی بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر لاک ڈاؤن کو کرونا وائرس پر قابو پانے کا واحد حل قرار دیدیا ہے اورکہاہے کہ پاکستان کو مکمل لاک ڈاؤن کی جانب ہر صورت میں جانا ہوگا،بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن میں ہر دن اور ہر گھنٹے کی تاخیر وبائی آفت سے مقابلے کو مشکل بنارہی ہے ،ہم لاک ڈاؤن کرنے میں پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں، لاک ڈاؤن پہلے ہوجانا چاہئے تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہارسماجی رابطے کی ویب سائٹ اوروزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کرونا وائرس سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں جلد از جلد بحران میں کمی اوروبا پرقابو پانے کے لئے لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ لینا ہوگا،کوئی صوبہ تن تنہا کرونا وائرس کے بحران کا مقابلہ نہیں کرسکتا،ہمیں لاک ڈاؤن کو قابل عمل بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہئے ،ہمیں لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہئے ۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جہاں ہم اچھے کیلئے پُرامید ہیں، وہیں بدترین کیلئے بھی تیار ہیں اگر بدترین صورت حال پیش آئی تو ہمارا صحت کا نظام اتنی استطاعت نہیں رکھتا،ہمیں دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ہم کیا کریں گے ، مسئلہ یہ ہے کہ ہم کب کریں گے ،جب تک حکومت لاک ڈاؤن کیلئے تیار نہیں ہوجاتی،عوام اپنے گھروں پر رہیں،شہری خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لئے گھروں پر رہیں۔بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کوہدایت کی کہ حفاظتی اقدامات کے دوران مکمل لاک ڈاؤن کی صورت میں یومیہ اجرت کمانے والوں کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔ پیپلزپارٹی نے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا پہلا ویڈیو لنک اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ویڈیو لنک پر اجلاس آج دوپہر ڈھائی بجے کرونا وائرس کے معاملے پر ہوگا۔اجلاس میں کرونا وائرس کے معاملے پر آل پارٹیز ویڈیو لنک کانفرنس کی تجویز دی جائے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا ء پر قومی بیانئے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لایا جائے گا۔