لاہور،کراچی (خصوصی نمائندہ،نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام رہنمائوں نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دینے ، ملک بھر میں لاک ڈائون اورقومی ٹاسک فورس کے قیام کا مطالبہ کیا ہے ، کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومتی کی لیت ولعل کی پالیسی پرتحفظات ظاہرکرتے ہوئے کہاہے کہ بلدیاتی اداروں تک ہر سطح پراس وبا کا مقابلہ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور وائرس سے تحفظ کیلئے ملک گیرلاک ڈاؤن واحدحل ہے ۔اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلے متفقہ پالیسی بنانے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے حکومت کو کرونا وائرس پرنیشنل ایکشن پلان کے طرز پرتمام جماعتوں کے ساتھ ملکر ایک قومی پالیسی بنانے کی تجویزپیش کی اورخدشہ ظاہرکیا کہ ملک میں اگلے دو ہفتے تک صورتحال خراب ہوسکتی ہے جسے کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہوگی۔اے پی سی کو وزیراعلی ٰسندھ مراد علی شاہ اور ڈاکٹر باری نے بریفنگ دی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے مختلف تجاویزپیش کردیں، جن میں کہاگیاکہ فی الفورنیشنل ایکشن پلان مرتب کیاجائے ،اپوزیشن کی نمائندگی کی حامل نیشنل ٹاسک فورس بنائی جائے ،مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس بلایاجائے ،سندھ حکومت کاچارٹرآف ڈیمانڈوفاق کوبھجوایاجائے ،انسانی ہمدردی کی بنیادپرایران پر عالمی پابندیاں ختم کی جائیں،حکومت کے ذمہ میڈیاکے واجبات کی فی الفورادائیگی یقینی بنائی جائے ،شہباز شریف نے کہابلاول بھٹوکاشکرگزارہوں انہوں نے بھی اس تجویزسے اتفاق کیا،آج صحیح معنوں میں حالت جنگ میں ہیں، کرونا کا معاملہ تیسری عالمی جنگ سے کم نہیں لگتا، سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر قوم اور ملک کے وسیع تر مفاد میں متحد ہیں، وقت تیزی سے گزر رہا ہے ، عملی اقدامات شروع کئے جائیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے متفقہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے ، اے پی سی کا مقصد ملکر کرونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنا ہے ،قومی سطح پر ملکر کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس وبا سے نمٹا جا سکے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتیں اس کام کو اپنا کام سمجھ کر کریں، اکیلی حکومت یہ کام نہیں کر سکتی۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قومی اتفاق رائے کیلئے حکومت قومی اسمبلی پر مشتمل ایک قومی کرائسس مینجمنٹ کمیٹی بنائے ،3 ماہ کیلئے پٹرول ،پانی، بجلی، گیس پر ہر طرح کے ٹیکس ،ڈیوٹی اور سرچارجز وغیرہ ختم کر دیئے جائیں۔ تیل کی قیمتیں دنیا بھر میں تیس فیصد تک گرگئی ہیں مگر وزیر اعظم نے صرف 15روپے فی لٹر کمی کا اعلان کیا جو ناکافی ہے ، مزدوروں کیلئے اعلان کردہ ماہانہ امداد تین ہزار روپے بہت کم ہے اسے کم از کم نو ہزار کیا جائے ۔جے یوآئی(ف)کے رہنماسینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا پاکستان میں یہ وائرس تفتان بارڈر سے آیا اور ہم سب کو پتہ ہے اس کا ذمہ دار کون ہے ،رہنما ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس کا مقابلہ سیلف آئسولیشن اور لاک ڈائون ہی ہے ۔نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹرمیر حاصل بزنجو نے کہا تفتان واقعہ کو قومی جرم قرار دیتا ہوں، بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا بلوچستان میں جو سینٹر قائم کئے گئے وہ قرنطینہ سینٹر نہیں کوئی مہاجر بستی لگ رہی تھی۔آفتاب شیر پائو نے کہاکہ سندھ حکومت نے بروقت اقدامات اٹھائے ، وفاقی حکومت صوبوں کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرے ۔اے این پی کے میاں افتخار ، فاٹا سے سینیٹر عثمان خان کاکڑ،پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف ، شیری رحمان ، فرحت اللہ بابر،مسلم لیگ ن کے ایاز صادق ،مریم اورنگزیب دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔