اسلام آباد،کوئٹہ،بیجنگ،تہران،سیول،روم،ٹوکیو،جنیوا ،واشنگٹن( خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر، 92نیوز،نیوزایجنسیاں) چین میں کرونا وائرس سے مزید 71 افراد جان سے گئے اور ہلاکتوں کی تعداد 2663 ہو گئی جبکہ ایران میں مزید3اموات ہوگئیں اورایرانی نائب وزیر صحت ایرج حریرچی بھی کرونا وائرس کاشکارہو گئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ روزچین میں 508 نئے کرونا مریض سامنے آئے ۔ ہبئی صوبے میں لاکھوں افراد محصور ہیں۔ایرانی حکام نے بتایاکہ کرونا سے مزید3 اموات ہوچکی ہیں ۔ایرانی سرکاری نیوزایجنسی ارنانے کہاکہ وسطی صوبہ مارکازئی میں ہلاک شدگان میں دوعمررسیدہ خواتین شامل ہیں اورتیسرامریض شمالی صوبہ البورزمیں تھا۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے نائب وزیر صحت ایرج حریرچی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔ایرج حریرچی حکومت کی طرف سے کرونا پر جواب دینے کیلئے پیش پیش ہوتے ، تاہم اب وہ خود وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ایرانی نائب وزیر صحت کا ایک ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ ہم کرونا وائرس کو شکست دینگے ۔علاوہ ازیں ایران کے رکن پارلیمنٹ محمد صداوسیما نے ٹویٹ میں بتایا کہ 'مجھ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور مجھے امید نہیں کہ زیادہ عرصہ زندہ رہ سکوں۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران کرونا کے پھیلائو اور ہلاکتوں سے متعلق دنیا کو سچ بتائے ۔ جنوبی کوریا کے مزید 60 شہریوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرین کی تعداد 893 ہو گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد8 ہوگئی۔جاپان میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد4 ہو گئی۔حکام کاکہنا ہے کہ جاپان میں لنگر انداز کروز شپ ڈائمنڈ پِرنس کا ایک اور مسافر کرونا کے سبب فوت ہو گیا ،وہ اپنی عمر کی اسّی کی دہائی میں تھا۔ وائرس کے سبب فٹبال میچوں کو ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد10 ہوگئی۔ آسٹریا نے اٹلی میں ٹرین کے داخلہ پر پابندی لگا دی ہے ۔اطالوی محکمہ صحت کے مطابق3 صوبے اب تک کرونا کی لپیٹ میں آچکے ہیں جبکہ میلان میں اس وقت تک 272افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔تھائی لینڈ نے بھی کرونا وائرس کے 2 نئے کیسز کی تصدیق کی ۔تھائی ہیلتھ حکام کے مطابق رپورٹ ہونیوالے 2 مریضوں میں ایک خاتون ہے جسکے اہلخانہ چین کا سفر کرتے رہے ہیں۔جبکہ دوسرا مریض چینی سیاحوں کا ڈرائیور ہے ، تھائی لینڈ میں مجموعی متاثرین کی تعداد 37 ہوچکی ہے ۔ویتنام میں بھی 16 افراد موذی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔یورپ،کویت، اومان، بحرین، عراق، افغانستان میں کرونا کے مریض سامنے آنے پرعالمی ادارہ صحت نے خبر دارکیا کہ کرونا وائرس ایک عالمی وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے جس کیلئے دنیا کو تیار رہنا چاہئے ۔متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کے ایران کے بعد تھائی لینڈ کے سفر پر بھی تا حکم ثانی پابندی عائد کردی ۔ پاکستان میں داخل ہونیوالے تمام مسافروں کو ہیلتھ ڈیکلریشن فارم لازمی جمع کرانا ہوگا۔ڈیکلریشن فارم میں نام،پاسپورٹ نمبر اور پتہ،مختلف ممالک میں قیام اور مسافر کی صحت کی تفصیلات ہونگی۔دریں اثناکرونا کے پیش نظر پاک ایران سرحد کی بندش کے باعث تفتان میں 3 روز سے پھنسے 300سے زائد ایرانی ٹرانسپورٹرز اور ڈارئیوروں کو اپنی گاڑیوں سمیت ایران واپس جانے کی اجازت دیدی گئی۔ایرانی ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز نے منگل کی صبح وطن واپسی کیلئے تفتان میں مظاہرہ بھی کیا تھا۔ تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ دیگر آمدورفت کیلئے بدستور بند ہے ۔ سرحد کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور زائرین سمیت دیگر افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کرونا وائرس کے حوالے سے سائنسدانوں کی عالمی کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا ہے ۔ٹوئٹر پر پیغام میں فواد چودھری نے بتایا کہ سائنسدانوں کی عالمی کانفرنس 2 مارچ 2020 کو کراچی میں ہوگی،جس میں دنیا بھر کے 23 ممالک سے سائنسدان شریک ہونگے اور کروناس سے نمٹنے کیلئے سر جوڑیں گے ۔ذرائع کے مطابق ایران جانیوالے مال بردار کنٹینرز میں مالٹا اور دیگر سامان لدا ہواہے اور اگر مزید ایک آدھ دن مالٹے کے کنٹینرز نہیں چھوڑے گئے تو وہ خراب ہوجائینگے اور لاکھوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے ۔ایران میں کرونا کی وبا پھیلنے کے بعد کوئٹہ سے زائدان ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے ۔لیویز نے کہا کہ ایران سے آنیوالے زائرین کوپاکستان ہائوس میں ٹھہرایا گیا ہے ۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ایران سے تفتان بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچنے والے مسافروں کو تفتان قرنطینہ میں 14 دن تک لازمی ٹھہرایا اومکمل طبی معائنہ کیاجائیگا۔خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں کرونا کے دو نئے مشتبہ کیس سامنے آئے ہیں۔ایران میں کرونا پھلنے پر خیبرپختونخوا کے مزید 7اضلاع کو حساس قرار دیا جارہاہے ، قبل ازیں چین میں کروناوائرس پرصوبہ کے پانچ اضلاع کو حساس ترین قرار دیا گیاتھا۔کرونا وائرس نے صرف چین بلکہ پوری دنیا کی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب کرنا شروع کردیئے یں جبکہ عالمی سٹاک مارکیٹ ہلا کر رکھ دی ہے ۔عرب ٹی وی کے مطابق کرونا کی وجہ سے بین الاقوامی سیاحت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور عالمی سٹاک مارکیٹس سنہ 2016ء کے بعد بدترین بحران سے دوچار ہوئی ہیں۔امریکی حکام نے کہا ہے کہ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز نے انتباہ کیا ہے کرونا وائرس امریکہ میں بھی پھیلنے کا خدشہ ہے ، لہٰذا اس خطرناک وبا سے بچنے کیلئے امریکی اداروں اور عوام کو پیشگی تیاریاں اور اقدامات کرنا ہونگے ۔امریکہ کے حفاظتی ٹیکوں اور تنفس کے امراض کیلئے قومی مرکزکی ڈائریکٹر ڈاکٹر نینسی کا کہنا ہے کہ ابھی یہ اندازہ لگانا ممکن نہیں کہ امریکہ میں کرونا کا حملہ شدید ہوگا یا ہلکا،تاہم امریکی شہریوں کو اس حوالے سے تیار رہنا ہوگا کہ اگر یہ مرض یہاں پھیلا تو لوگوں کے روز مرہ کے معمولات کوشدید متاثرکریگا۔