بیجنگ،ابوظہبی،نیویارک،ملتان( نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر) چین میں خطرناک کرونا وائرس سے مزید 100 افراد ہلاک ہوگئے ۔چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مزید 100 ہلاکتیں صوبہ ہوبئے میں ہوئیں۔ چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1765 تک پہنچ گئی ہے ۔وائرس کے مزید 1933نئے کیسز بھی رجسٹرڈ ہوئے جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 70ہزار 400 تک جا پہنچی ہے ۔ چین کی معیشت کو کرونا وائرس کی وجہ سے رواں سہ ماہی میں 60 ارب ڈالر تک کا خسارہ ہو سکتا ہے ۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔چین نے کرونا پھیلنے پر سال کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع’’ سالانہ پارلیمانی اجلاس‘‘ جو کہ مارچ کے اوائل میں ہونا تھا ملتوی کردیا ہے ۔علاوہ ازیں چین میں کرونا وائرس بحران کے نتیجہ میں ووہان میں دو نئے ہسپتال ریکارڈ مدت میں تعمیرکرنیوالی مشینوں کو ہیروز کا درجہ مل گیا۔کرونا وائرس سے ہالی ووڈ فلم انڈسٹری بھی متاثر ہونا شروع ہوگئی ہے ،جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم ’’نو ٹائم ٹو ڈائے ‘‘ کی چین میں تشہیر ہونی تھی تاہم اب اسے منسوخ کردیاگیا ہے ۔مہلک وائرس کے خطرات کو دیکھتے ہوئے چین میں تقریباً 70 ہزار سنیما بند کر دیئے گئے ہیں۔ چین سے گزشتہ سال امریکی فلم انڈسٹری کو 6 ارب پاؤنڈز (تقریباً 12 کھرب پاکستانی روپے ) سے زائد کا فائدہ ہوا تھا۔ ملتان میں کرونا کے 3نئے مشتبہ مریض سامنے آگئے ۔ زیر علاج مشتبہ مریضوں کی تعداد 5 ہو گئی ۔ادھر متحدہ عرب امارات میں کرونا کا 9واں کیس رپورٹ ہوا ۔اماراتی وزارت صحت کے مطابق 37سالہ چینی شہری وائرس کا شکار ہوا جس کی ہسپتال میں حالت مستحکم ہے ۔