لاہور،اسلام آباد، ملتان، بیجنگ، تہران، سیول، واشنگٹن، ریاض(رپورٹنگ ٹیم،نمائندگان،92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3000 سے تجاوز کر گئی جبکہ ایرانی سپریم لیڈرخامنہ ای کے قریبی ساتھی اورمشاورتی کونسل کے رکن محمد میر محمدی بھی کرونا کے باعث جاں بحق ہو گئے ۔سعودی عرب میں کرونا کا پہلا کیس سامنے آگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روزچین میں کرونا سے مزید 42افرادہلاک ہوگئے جبکہ اموات2912ہو گئیں۔چین میں صحت یاب افرادکی تعداد41ہزار 625ہوگئی ۔ادھر ایران میں بھی جان لیوا وائرس سے مرنیوالوں کی تعداد 54ہو گئی۔ 71سالہ میر محمدی نے تہران کے ہسپتال میں دم توڑا۔ امریکہ میں کرونا سے مزید 4افراد ہلاک ہوگئے ، جن میں تین صرف واشنگٹن ریاست میں ہلاک ہوئے ۔جنوبی کوریا میں کرونا کے مزید500 مریض سامنے آ گئے اور تعداد 4 ہزار ہو گئی جبکہ مزید4 ہلاکتوں کے بعد مرنیوالوں کی تعداد22 ہوگئی۔ اٹلی میں30افراد ہلاک ہو چکے ۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا سے شرح اموات صرف 2 سے 5 فیصد ہے ۔عالمی طور پر اب تک 90 ہزار کیس سامنے آئے اور چین سے باہر یہ تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ دنیا کے تمام ملک شدید بیمار کرونا مریضوں کیلئے بڑی تعداد میں وینٹی لیٹرز تیار رکھیں اور آکسیجن سسٹم کی دستیابی یقینی بنائیں۔امریکی شہروں سان ڈیاگو اور سان فرانسسکو میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور دفاتر میں ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملاقاتیوں سے ہاتھ نہ ملائیں۔فیس بک نے سالانہ مارکیٹنگ کانفرنس منسوخ کر دی جبکہ سان فرانسسکو میں ہونیوالی دنیا کی بڑی سائبرسکیورٹی کانفرنس کے بڑے سپانسرز اور نمائش کنندگان نے حصہ لینے سے انکار کر دیا ہے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں کرونا کے شکار چاروں افراد کی حالت تسلی بخش قرار دیدی اور کہا کہ وہ بہت جلد صحت یاب ہوجائینگے ۔چین میں 6 پاکستانی طلبہ صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ ایک زیر علاج ہے وہ بھی جلد ڈسچارج ہوجائیگا۔ادھر تفتان میں قرنطینہ میں رکھے گئے زائرین احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اورحکومت مخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے گھروں کو جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ تاہم پی ڈی ایم اے حکام نے کہا کہ سکریننگ مکمل ہونے تک نہیں بھیج سکتے ۔پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ایئر پور ٹ پرکروناوا ئرس کے روک تھام کیلئے جدید تھرمو سکینر نصب جبکہ ایران سے آنیوالے ایک مشتبہ مریض کو پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کردیاگیا ۔ ترجمان کے مطابق پنجاب میں اس وقت کرونا کے 2 مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں زیرعلاج ہیں۔ اب تک صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 44 مشتبہ مریض داخل ہوئے اور42 کو ڈسچارج کیا جا چکا ہے ۔صوبہ میں کرونا کا کوئی کنفرم مریض زیر علاج نہیں۔کرونا کے مریضوں کے علاج کیلئے راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے 100بیڈز پر مشتمل ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی کے ایک حصے میں کرونا سپیشل یونٹ بنایا جائیگا۔ 50بستر آر آئی یو منتقل کردیئے اور مزید 50 آج پہنچا کرہسپتال کو فعال کردیا جائیگا۔ وفاقی حکومت نے کرونا سے نمٹنے کیلئے تمام سرکاری ہسپتا لوں سے افرادی قوت کی تفصیلات طلب کرلی ہیں تاکہ عملہ دستیابی کا جائزہ لیا جاسکے ۔عرب خبررساں ادارہ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے بتایا کہ کرونا متاثرہ شہری نے حکام کو بحرین سے قبل ایران کے سفر سے متعلق نہیں بتایا تھا۔ اطلاع ملتے ہی انفیکشن کنٹرول ٹیم نے جانچ کیلئے اسکے نمونے لیبارٹی بھیجے تو کرونا کی تصدیق ہوگئی۔ سعودی وزارت صحت نے کہاہے کہ وہ مہلک وائرس کے کسی بھی کیس سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے ۔ ترجمان سعودی وزارت صحت نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ مملکت میں کرونا کے ممکنہ مریضوں کے علاج کیلئے 8000 بستروں پر مشتمل 25 ہسپتال تیار کرلئے گئے ہیں۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبہ میں کرونا وباکے ممکنہ خطرہ کے پیش نظر صحت ایمرجنسی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی ہے ۔