لاہور ( جنرل رپورٹر )ینگ کنسلٹنٹ ایسوی ایشن،گرینڈ ہیلتھ الائنس اورینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کرونا کی موجودہ صورتحال اور ڈاکٹروں و نرسز سمیت دیگر عملے کو سہولیات کی عدم فراہمی کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کو کرونا کے حوالے سے دسمبر سے علم تھا مگر نہ تو ڈاکٹروں کی تربیت کرائی گئی اور نہ ہی ضروری انتظامات کرنے سمیت حفاظتی کٹس منگوائی گئیں ہفتہ کے روز میو ہسپتال لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ینگ کنسلٹنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حامد محمود بٹ ،گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئر مین ڈاکٹر سلمان حسیب اور ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن میو ہسپتال کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے کہا کہ ڈاکٹرز اور عملہ ہر حالات میں کام کر رہے ہیں ،ہسپتالوں میں کرونا کے حفاظتی سامان کی دستیابی کی کمی ہے مگر اس کے باوجود ڈاکٹر نرسز اور پیرا میڈیکس اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں مگر اب کچھ ایسے واقعات ہونا شروع ہوگئے ہیں جو ڈاکٹرز اور عملہ کے لئے بدنامی کا سبب بن رہے ہیں ۔