واشنگٹن( ویب ڈیسک) جیسے جیسے کرونا وائرس کی وبا پھیل رہی ہے ، ہمارا سرفیسز یعنی کسی بھی چیز کی سطح جیسے کہ ٹیبل یا دروازے کا خوف بڑھتا جا رہا ہے ۔اب عوامی مقامات پر بہت سے مناظر عام ہو گئے ہیں جیسے کہ لوگوں کا دروازے اپنی کہنیوں سے کھولنے کی کوشش کرنا، ٹرین کا سفر کرتے ہوئے کسی ہینڈل کو نہ پکڑنا، دفاتر میں ہر روز ملازمین کا اپنی میزوں کو صاف کرنا شامل ہے اور لوگ گھروں ، دفاتر وغیرہ میں صفائی کرنا شروع ہو گئے ہیں۔جن علاقوں میں کرونا کا بہت اثر پڑا ہے وہاں پر تو حکام عمارتوں، پارکس، اور گلیوں میں جراثیم کش ادویات چھڑک رہے ہیں۔ہسپتالوں، دفاتر، دکانوں سب ہی میں صفائی کے اقدامات بڑھ گئے ہیں۔ کچھ شہروں میں تو کچھ رضا کار رات کے وقت جا جا کر اے ٹی ایم مشینوں کے کی پیڈ صاف کرتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین نے بتایا ہے کہ ہاتھوں کو بار بار دھونا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے ۔امریکہ میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے مطابق کھانسنے کے بعد یہ وائرس ہوا میں تین گھنٹے تک رہ سکتا ہے ۔