بیجنگ ،لاہور ،اسلام آباد،ملتان (سپیشل رپورٹر، جنرل رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ،اے ایف پی ) حکومت پاکستان چین سے پاکستانیوں کوفوری واپس نہ لانے کے فیصلے پرقائم ہے ،پاکستان ،چین نے اتفاق کیا ہے کہ کوئی پاکستانی 14دن نگرانی کے بغیرواپس نہیں آئیگا ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزانے کہا ہے کہ ووہان سے مکمل طورپرمحفوظ کئے بغیرکسی کونہیں نکالاجاسکتا،کوئی چیمپئن نہ بنے ،پاکستانی طلباکی سب سے زیادہ فکرحکومت کوہے جبکہ چین میں وائرس میں مزید 46 افراد ہلاک ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے وہ سب کچھ کر رہے ہیں جوکیا جانا چاہئے ، وزیراعظم کرونا وائرس سے متعلق لمحہ بہ لمحہ آگاہی لے رہے ہیں، پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی ضروری ہے ، چین کی حکومت کے اقدامات کی تائید کرتے ہیں، عوامی صحت کے تحفظ کا تقاضہ ہے کہ متاثرہ افراد کو اپنے ملک نہ لایا جائے ، ووہان میں وائرس سے متاثرہ پاکستانی طلبہ کی دیکھ بھال سے مکمل مطمئن ہیں، چین سے فضائی پروازیں شروع ہونیکی صورت میں ائیرپورٹ پر جامع اقدامات کیے گئے ہیں، چین میں مقیم پاکستانیوں کے ویزوں کی توسیع کیلئے دفتر خارجہ نے انتظامات کر لیے ،چین میں متاثرہ 4 پاکستانی طلبہ کی صحت بہتر ہو رہی ہے ، وہاں مقیم پاکستانی شہری وائرس سے پاک ہونیکی تصدیق تک واپس نہیں آ سکیں گے ، اس بارے میں چین کی حکومت سے اتفاق رائے طے پا گیا ہے ، ہماری اولین ترجیح کرونا وائرس سے پاکستانی عوام کو محفوظ بنانا ہے ، چینی حکومت پر ہمیں مکمل اعتماد ہے ، ان کیساتھ کھڑے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفرمرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزارت صحت کی ہدایت کے تحت پاکستان میں داخل ہونے والے تمام مسافروں کو ہیلتھ ڈیکلریشن فارم جمع کر انا ہوگا جس میں رابطے کی تفصیلات، سفر کی مختصر تاریخ شامل ہوگی، داخلے کیلئے مکمل شدہ فارم جمع کروانا ضروری ہوگا،جہاز کا عملہ تمام مسافروں میں ہیلتھ ڈیکلریشن کارڈ تقسیم کرے گا۔ ملتان ائیرپورٹ پر گزشتہ روز آنے والے 561 مسافرون کی سکریننگ کی گئی ۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کام کرنے والے 317 چینی باشندوں میں کرونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں ۔پاکپتن میں چینی خاتون کی طبیعت خراب ہونے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ایمر جنسی میں لایا گیا،تمام میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے ، کلیر ہونے کے بعد اُسے ڈسچارج کر دیا گیا ۔ پنجاب بھر کے مختلف کیمپوں میں موجود 1076چینی افراد کی سکریننگ مکمل کر لی گئی ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہناہے کہ اب تک سکرین کیے گئے 1076اہلکاروں میں سے کوئی مشتبہ کیس سامنے نہیں آیا۔ اس وقت پنجاب میں کل 7مشتبہ مریض انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہیں۔ کروناوائرس کامعاملہ،چین نے پاکستان کوبڑی پیشکش کردی،وائرل بیماریوں کے تدارک کیلئے تشخیصی مرکزبنایاجائیگا، تشخیصی مرکزسی پیک کے سنٹرآف ایکسلینسی کاحصہ ہوگا،پہلامرکزاسلام آبادمیں بنانے کی تجویزہے ۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کروناوائرس کیخلاف جنگ کے حوالے سے بیان جاری کردیا،ترجمان کے مطابق وائرس کے مقابلے کیلئے روس،پاکستان،شمالی کوریا اوربیلارس جیسے دوست ہمارے ساتھ ہیں،فرانس،جرمنی،ملائیشیا،یونیسیف اوردیگربھی مددگارہیں،تمام ممالک اوراداروں کے شکرگزارہیں،دوست وہی جومصیبت میں کام آئے ۔ گزشتہ روز چین سے پاکستان آنے والی چائنہ ائیر کی دو پروازوں کی آمد و رفت منسوخ کر دی گئی ، چین میں مرنے والوں کی تعداد 259 ہوگئی،متاثرین کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ، دنیا کے 27 ممالک وائرس کے شکنجے میں آ گئے ،سپین بھی متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا، آسٹریلیا میں 10 واں کیس سامنے آیا ، ایئر نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا کی کنٹاس ایئر لائن اور فلپائن کی سیبو پیسفک نے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ،وائرس کے پھیلاؤ کے باعث چین کا پہلا بیڈ منٹن ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا گیا ، ہوبئی کے 123 شہری ملائیشیا سے واپس پہنچ گئے ،کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں مندی کا سلسلہ جاری ہے ۔ امریکہ کی وال سٹریٹ مارکیٹ 600 پوائنٹس گر گئیں، چین میں کرونا کی فوری تشخیص کیلئے کٹ تیارکرلی گئی ، صوبے جیانگ زوکے ماہرین نے ایسی کٹ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جو 15 منٹ کے اندر اندر وائرس کی تشخیص کر سکے گی۔ ہانگ کانگ میں ہزاروں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل میڈیکل سٹاف نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وائرس کے پیش نظر چین کیساتھ سرحد بند کر دی جائے ۔ووہان سے 102جرمن اور 26 دیگر غیرملکی شہری خصوصی طیارے کے ذریعے برلن پہنچ گئے ۔