اسلام آباد(غلام نبی یوسف زئی)بدعنوانی کے الزام میں زیر حراست اراکین پارلیمنٹ کا پروڈکشن آرڈر ختم کرنے کیلئے قواعد و ضوابط میں ترمیم کا بل منظوری کیلئے جلدکابینہ میں پیش کیا جائیگا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزارت قانون نے قومی اسمبلی اور سینٹ کے قواعد وضوابط میں ترمیم کرکے بدعنوانی کے الزام میں زیر حراست اراکین پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا سپیکر قومی اسمبلی اور چیئر مین سینٹ کا اختیار ختم کرنے کے بل پر کام شروع کردیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر وزارت قانون نے کرپشن کے بڑے ملزمان کیلئے قانون میں موجود سہولیات ختم کرنے کیلئے متعلقہ قوانین میں ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس ضمن میں ضابطہ فوجداری میں بھی ترامیم زیر غور ہیں۔ان ترامیم کے بعد کرپشن کے بڑے ملزمان کیلئے جیلوں میں خصوصی سہولیات ختم ہوجائیں گی،انہیں جیل میں سی کلاس ملے گی اور انکے ساتھ عام ملزمان کی طرح سلوک کیاجائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ کرپشن کے ملزمان اراکین پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی اور چیئر مین سینٹ کے خصوصی اختیارات کو ختم کرنے کیلئے قومی اسمبلی اور سینٹ کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے متعلقہ سیکشنز میں ترامیم کا مسودہ تیاری کے حتمی مرحلے میں ہے ، جسے جلد کابینہ میں پیش کیا جائیگا۔وزارت قانون حکام کے مطابق قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کے سیکشن108 میں ترمیم کی جائے گی اور سینٹ کے رولز آف پروسیجر کے سیکشن 84میں ترمیم کی جائے گی۔