اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بابائے قوم کے وژن کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ان کا خواب ہے ، سب کو بتا دینا چاہتے ہیں بدعنوانی کیخلاف جنگ میں کوئی بھی ہم سے جیت نہیں سکتا ،ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد میں نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ 8مہینے کی مسلسل جدوجہد کے بعد ہم یہاں پہنچے ہیں ، اب تسلسل کیساتھ ہم پورے پاکستان میں ہائوسنگ سکیموں کا اجراکرتے رہیں گے ۔ اگر ہائوسنگ کا یہ منصوبہ اتنا آسان ہوتا تو 70سال میں بن چکاہوتا ۔حکومت گھر بنانے کیلئے سود کے بغیر قرض دے رہی ہیں ، مائیکرو کریڈٹ قرض کیلئے 5ارب مختص کیے گئے ہیں ۔ غیر ملکی سرمایہ کار ہاؤسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں۔راولپنڈی، اسلام آباد میں 25ہزارہائشی یونٹ ،بلوچستان میں ایک لاکھ 20ہزار ،آزاد کشمیر میں 14ہزار یونٹ بنا کر دیئے جائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا مخالفین کہتے ہیں میں اُلجھن کا شکار ہوں لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں میں جب سے سیاست میں آیا ہوں اُلجھن کا شکار نہیں ،میں نے کیا کرنا ہے اس حوالے سے بالکل واضح ہوں۔ جب کینسر ہسپتال کا منصوبہ شروع کیا تو لوگوں نے مذاق کیا لیکن میرا ایمان تھا کامیابی اﷲ تعالی نے دینی ہے ۔جب ہم نے حکومت شروع کی تو کچھ لوگوں نے کہنا شروع کر دیا کہ حکومت ناکام ہوچکی، ملک کو قرضے میں ڈبونے والے کس منہ سے ہمیں سبق سکھاتے ہیں؟ ہر ادارے میں سٹیٹس کو کے حامی اوران سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہوئے ہیں ،یہ لوگ بدعنوانی کے اس نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں لیکن ان کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ کرپشن کیخلاف جنگ ہم سے کوئی نہیں جیت سکتا، کرپشن کرنے والوں کو زمانے نے پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ملک میں سٹیٹس کو ہر شعبے میں تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ بن گیا اور مفاد پرست ٹولہ نظام سے فائدہ اٹھا رہا ہے ۔قوم کوکہنا چاہتا ہوں مشکل وقت سے گھبرانا مت، کوشش کرتے وقت مشکلات آتی ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ا گزشتہ 10 سال معیشت تباہ کرنے والے پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے ۔ وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آشیانہ سکیم کے باعث سابق حکمران آج پیشیاں بھگت رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان منصوبہ شفاف ترین ہوگا۔ دریں اثنا وزیر اعظم نے بجلی کنکشن کے حصول کیلئے درکار وقت میں ایک ماہ کی کمی کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں چیئر مین سرمایہ کاری بورڈ نے کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں غریبوں کے تحفظ ، کفالت، گھر، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پورٹلز اورروزگارکے پروگرامز کاجائزہ لیا گیا۔ا جلاس میں احساس منصوبہ پرعملدرآمد کی ٹائم لائن پر گفتگو کی گئی ۔ وزیراعظم نے کہااحساس موجودہ حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے ، احساس منصوبے کا مقصد غربت کا خاتمہ ہے ۔حکومت بیت المال سمیت تمام پروگرامزمیں شفافیت کیلئے پرعزم ہے ۔وزیرِ اعظم کو انضمام شدہ قبائلی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی میں پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام اور آئندہ دس سالوں کے ترقیاتی منصوبوں ، رواں مالی سال کیلئے مختص و جاری فنڈز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کہ انضمام شدہ علاقوں کے عوام کے نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضے کی ادائیگی کو فوری یقینی بنایا جائے ۔انضمام شدہ علاقوں کے عوام میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے عمل کو مزید تیز کیا جائے ۔ رمضان کے دوران بجلی کی فراہمی کی بہتر صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے بھی فوری اقدامات کیے جائیں۔