کراچی (کامرس رپورٹر،سٹاف رپورٹر،این این آئی ) شہر قائد میں گیس کے بدترین بحران پر صنعت کار بپھرگئے اور سوئی سدرن گیس کمپنی دفتر کے سامنے زبردست مظاہرہ کیا جواڑھائی گھنٹے جاری رہنے کے بعد سوئی سدرن کے منیجنگ ڈائریکٹرکی یقین دہانی کے بعد ختم کردیا گیا۔ایم ڈی ایس ایس جی سی وسیم احمد نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ کیپٹیو پاور سے 50 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بحال کی جارہی ہے ، باقی معاملات کے شرائط و ضوابط ایک مہینے میں مرتب ہوں گے ، کوشش کریں گے لوڈ مینجمنٹ کا ایشو نہ ہو۔تاجر رہنما سراج قاسم تیلی نے کہا کہ انڈسٹری کو ایک منٹ کیلئے بھی گیس بند نہیں ہوناچاہئے ۔ احتجاجی مظاہرے میں فیکٹری مالکان کے علاوہ ہزاروں مزدوروں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر زبیرموتی والا،جاویدبلوانی،کاٹی کے صدر عمرریحان،سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان چاؤلہ اوردیگر بھی موجود تھے ۔ مظاہرین اورایس ایس جی سی حکام کے مذاکرات کے دوران ایم ڈی وسیم احمد نے اسلام آباد رابطہ کرکے وفاقی وزیر پیٹرولیم عمرایوب کو صنعتکاروں کے احتجاج سے آگاہ کیا۔جس کے بعد انہوں نے مظاہرین کو کراچی کی صنعتوں کے گیس والوز کھولنے اور نوٹس واپس لینے کی یقین دہانی کرائی۔سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے صوبے میں صنعتوں کو درپیش شدید گیس بحران سے پیدا ہونے والی تکلیف دہ صورتحال پر صنعتکاروں کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔