وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی سپورٹس کو پاکستان انگلینڈ میچز کے حوالے سے بھارتی کمپنی سے معاہدے کے لئے استثنیٰ دینے کی تجویز مسترد کر دی ۔ وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد جودھری کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کی کسی کمپنی سے کاروبار نہیں کر سکتے اب ہم کوئی کرکٹ سیریز نہیں دکھائیں گے۔ یہ بات تو اپنی جگہ صحیح ہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ کسی بھی قسم کا معاہدہ کرنے کی جو پالیسی اپنائی ہے وہ پوری قوم کی آواز ہے لیکن بھارت کے لیے تمام میدان کھلے چھوڑ دینا بھی دانشمندی نہیں، سوال یہ ہے کہ کرکٹ کے پاکستانی شائقین میچ کیسے دیکھیں گے، ظاہر ہے وہ اس کے لئے نیٹ یا پھر بھارتی چینلوں کی طرف رجوع کرینگے۔ اس کا فائدہ بھی بالواسطہ طور پر انہی چینلوں یا بھارتی کمپنیوں کو ہی پہنچے گا۔ سیریز دکھانے کے لیے بھارتی کمپنیوں سے معاہدہ نہ کرنا اپنی جگہ درست سہی لیکن پاکستانی ناظرین کے لیے اس کا متبادل بندوبست بھی کر لینا چاہیے تاکہ پاکستانی شائقین کرکٹ سیریز کے میچ دیکھنے سے محروم نہ رہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ بھار تی کمپنیوں کے مقابلہ کے لئے بولی میںپوری تیاری کے ساتھ شرکت کر کے میچ دکھانے کے حقوق حاصل کیے جائیں یا پھر سیٹلائٹ نظام اور دوسرے ذرائع کو اتنا موثر اور طاقت ور بنایا جائے کہ شائقین میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔