لاہور(احتشام الحق) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں کرکٹ سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے حکومت سے اجازت طلب کرنے کے لئے خط لکھ دیا، ابتدائی طور پر قومی ٹیم کے لئے کھلاڑیوں کی ٹریننگ شروع کرنے کے لئے اجازت مانگی گئی ہے جبکہ ستمبر اکتوبر میں ڈومیسٹک کرکٹ شروع کرنے کے لئے پوچھا گیا ہے ۔ ملک میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بعدکرکٹ سمیت تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھیں تاہم اب پاکستان ٹیم نے اگست ستمبر میں سیریز کھیلنے کے لئے انگلینڈ جانا ہے جس کے لئے تیاریوں کی غرض سے ٹریننگ کیمپ لگانا اشد ضروری ہے ۔ قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق اور پی سی بی انتظامیہ نے کھلاڑیوں کا کیمپ لگانے بارے مشاورت کر لی ہے تاہم اس کے لئے حکومت سے اجازت لینا ضروری ہے ۔ پی سی بی کی جانب سے بنائے گئے روڈ میپ کے مطابق جون کے پہلے ہفتہ میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کیمپ کا آغاز کیا جائے گا۔ پاکستان ٹیم نے انگلینڈ میں پانچ اگست سے تین ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنا ہے ۔ آئی سی سی گائیڈلائن کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن کے بعد کھلاڑیوں کو ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قبل کم از کم دو ماہ کی ٹریننگ ضروری ہے تاکہ ان کا جسم کھیل سے دوبارہ روشنا س ہو سکے۔