کراچی (رپورٹ: عمران شیخ) پاکستان فلم انڈسٹری میں سینماگھروں میں ریلیز نا ہونے والی کثیر سرمائے سے تیار ہونے والی متعدد ڈبوں میں بند فلموں کی دوبارہ ایڈیٹنگ کرکے سینما گھروں میں ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فلم انڈسٹری میں بھارتی فلموں کی بندش کے بعد سے موجودہ بحران کے خاتمے کے لئے ریلیز نا ہوسکنے والی فلموں کو دوبارہ ایڈیٹنگ کرکے نئے سرے سے ریلیز کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں لاہور اور کراچی کے فلم پروڈیوسرز کے مابین ماضی میں بھی میٹنگز ہوئی تھیں جو کہ سود مند ثابت نا ہوسکی تھیں تاہم اب دوبارہ اس فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے والے پروڈیوسرز سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں اور ایسی فلموں کو ریلیز کرنے کے لئے سر گرم عمل ہوچکے ہیں تاکہ تمام پرانی ڈبوں میں بند فلموں کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ سینماانڈسٹری کو بحرانی کیفیت سے نکالا جاسکے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ نئے نوجوانوں پر مشتمل ڈائریکٹروں کی ٹولی نے ماضی کے ڈائریکٹر کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے اور مقابلے کا میدان لگا دیا گیا ہے جس کے بعد اب بننے والی فلموں کو پروفیشنل انداز کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا ہے ۔