لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بتائیں کہ دودن گزرنے کے باوجود اب تک جماعت اسلامی کی بھارت کے خلاف کشمیر ریلی پر بم حملے کے مجرموں کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ، ان خیالات کااظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ریلی پر حملہ پاکستان اوراسلام دشمنوں کی کارروائی ہے جس میں کوئی شک نہیں کہ انڈین لابی ملوث ہے ،یہ حملہ کسی فرد واحد نے نہیں کیا بلکہ اس کے پیچھے ایک گہری سازش ہے جس کافائدہ بھارت، اس کے ایجنٹوں کوااور نقصان پاکستان کو ہوا،مسئلہ کشمیر سے غداری کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی،مسئلہ کشمیر پر وفاقی حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے جس پر پوری قوم اور کشمیری بھی ناخوش ہیں،حکمرانوں نے تقریروں کے سوا کچھ نہیں کیا ، کراچی کا کوئی والی وارث نہیں۔