لاہور( حافظ فیض احمد) ایکسائز حکام نے 2کنال سے بڑے گھروں سے لگژری ٹیکس کی وصولی کے لئے نادہندگان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد قرق کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں نادہندگان کو جرمانے اور آخری وارننگ کے ساتھ نوٹس ارسال کر دیئے جس میں انہیں15اپریل تک کی مہلت دی گئی ہے ، علاوہ ازیں ایکسائز ریجن بی میں11ہزار پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو بھی آخری نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں ناہندگان سے ٹیکس وصول کرنے کے لئے ڈائریکٹر ایکسائز رائو شکیل الرحمان نے 22ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں جن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کے بعد نادہندگان کی لینڈ ریونیو ایکٹ1967کے تحت جائیداد قرق کرنے کے لئے کارروائی کریں اور ا سکے ساتھ نادہندگان کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کے احکامات بھی جاری کئے جائیں گئے ۔ ذرائع کے مطابق ای ٹی او ایکسائز عرفان مسعود غوری نے پوش علاقوں میں بننے والے 2کنال سے بڑے گھروں سے لگژری ٹیکس کی وصولی کے لئے نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد قرق کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جن ٹیکس گزاروں کو جرمانے کے ساتھ نوٹس ارسال کئے جا رہے ہیں ان کو وارننگ دی گئی ہے کہ15اپریل کے بعد ان کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گئی اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے ان کی جائیداد قرق کر لی جائے گی اور رقم وصول کر کے ٹیکس وصول کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ان کی گرفتاری بھی ہو سکتی ہے علاوہ ازیں ایکسائز ریجن بی نے 8ہزار سے زائد کرایہ داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیکشن14کے تحت اپنا کرایہ پراپرٹی مالکان کو ادا کرنے کی بجائے ایکسائز دفاتر میں جمع کرائیں تاکہ نادہندگان سے رقم وصول کی جا سکے ۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر عرفان مسعود غوری کا کہنا ہے کہ15اپریل کے بعد ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا جائے گا اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔