لاہور،ملتان ،وہاڑی،خانیوال،ساہیوال،چیچہ وطنی ( خصوصی نمائندہ،نمائندہ خصوصی سے ،نمائندگان) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 69بارہ ایل کماند میں گندم کٹائی مہم کا افتتاح کر دیا، وزیراعلیٰ نے خود کمبائن ہارویسٹر چلا کر گندم کی کٹائی کی اور درانتی پکڑ کر اپنے ہاتھسے گندم کے خوشے کاٹے ، افتتاح کے بعد گندم کٹائی مہم کی کامیابی اور کاشتکار کیلئے خیر و برکت کی دعا کی گئی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کماند گاؤں میں 20 بستروں کا ہسپتال، بچیوں کیلئے گرلز کالج اور 20 کلو میٹر طویل سڑک بنائی جائے گی،وزیراعلیٰ نے کہا کہ محض شو بازیاں کرنے سے کوئی خادم اعلیٰ نہیں بن سکتا، اعلان کرنے سے نہیں ،عوام کی فلاح و بہبود کے کام کرنے سے ہی خادم اعلیٰ بنا جاتا ہے ،ماضی میں شو بازیاں ہوتی رہیں اور جعلی کام کئے گئے ،ہمیں شو بازیاں آتی ہیں نہ جعلی کام، صرف عوام کی خدمت کرتے ہیں۔گندم خریداری کیلئے 130 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، گندم کا دانہ دانہ خریدیں گے ،کاشتکار کی سہولت کیلئے گندم خریداری کا ٹارگٹ بڑھانا پڑا تو بڑھائیں گے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ پیش کر دیا گیا ہے ،صوبے بھر میں 22 ہزار سے زائد پنچایتیں قائم کریں گے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی باتیں محض افواہیں ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار چیچہ وطنی میں گندم کٹائی مہم کا افتتاح کرنے کے بعد ساہیوال شہر کا دورہ کرنے کے بجائے اچانک وہاڑی پہنچ گئے ، وزیراعلیٰ نے عوامی شکایات اور فراض سے غفلت برتنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن غلام مصطفیٰ برجیس ، چیف آفیسر بلدیہ وہاڑی حافظ خالد ارشاداور تھانہ صدر کے ایس ایچ او کو معطل کرنے کا حکم دیدیا، وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری (زنانہ) مصباح رفیق کو تبدیل کرنے اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کئے ،پھر غیر متوقع طورپرخانیوال پہنچ گئے ،وزیراعلیٰ نے فرائض سے غفلت برتنے اورعوامی شکایات پر ڈی پی او خانیوال کو عہدے سے ہٹا دیا،آفس میں صفائی کی خراب صورتحال پر ڈپٹی کمشنر خانیوال سے جواب طلب کرلیاگیا جبکہ ضلع خانیوال کا دورہ نہ کرنے پر کمشنر ملتان ڈویژن سے بھی جواب طلب کیاگیا،وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری اورایس ایچ او سٹی خانیوال کو معطل کردیا،ایگری گیشن آفس کی ناقص صورتحال پر وزیراعلیٰ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے ایکسین اورایس ڈی او سے بھی جواب طلب کرلیا،چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن سے بھی فرائض سے غفلت برتنے پر جواب طلب کیاگیاہے ،وزیراعلیٰ نے عبدالحکیم کے علاقے میں جنگل میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر سیکرٹری جنگلات سے فوری رپورٹ مانگ لی،وزیراعلیٰ کی طرف سے دارالامان میں قیام پذیر خواتین اوران کے بچوں کی خصوصی دعوت کیلئے 50ہزار روپے دیئے جائیں گے ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں ابو ظہبی گروپ متحدہ عرب امارات کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈومینیک لیانا روسونے ملاقات کی، وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں اورنیا پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے اوپن ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی نے رات گئے صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ کی ہمراہ مزار پر انوار حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒالمعروف حضرت داتا گنج بخش ؒپر حاضری دی۔دربار شریف کے احاطے میں صوبائی وزیر اوقاف نے تلاوت کلام پاک کی اور سرائیکی میں نعت کے اشعار پڑھے جسے نے وزیر اعلی نے خوب سراہا بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزار پر انوار پر چادر چڑھائی، عقیدت کے پھول نچھاور کئے اور دعا کی۔وزیر اوقاف نے وزیر اعلیٰ کی دستار بندی کی۔