لاہور، کراچی ، اسلام آباد ،ر اولپنڈی ، فیصل آباد ،جہلم ، ملتان ،وہاڑی (نامہ نگاران ،اپنے رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر ، وقائع نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹرز ، نمائندگان 92 نیوز)آل پاکستان انجمن تاجران نے اعلان کیاہے کہ ٹیکسز کیخلاف کراچی سے خیبر تک آ ج سب سے بڑی شٹر ڈائون ہڑتال ہوگی ہڑتال کی کال میں مزید کئی تنظیمیں شامل ہوگئی ہیں جبکہ لاہور ،کراچی پشاور اور جہلم کی تاجر تنظیمیں تقسیم ہوگئیں ،دکانیں کھلی رکھنے کااعلان کردیا ادھر اپوزیشن جماعتوں نے بھی تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کااعلان کیا ہے ۔لاہور پریس کلب میں مرکزی تنظیمِ تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے پاکستان ٹریڈرز الائنس کے رہنما میاں محمد علی ،آل پاکستان انجمن تاجران کے سرپرست اعلی ظہیر اے بابر،صدر اشرف بھٹی،جنرل سیکرٹری محبوب سرکی اور لاہور کی سیکڑوں مارکیٹوں کے نمائندگان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اس ظالمانہ ،غیرمنصفانہ اور غریب کُش بجٹ کا عذاب ملک کی خوشحالی کو بہاکر لے جائیگا۔کاشف چوھدری نے بتایا ملک کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں کی مارکیٹس میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال ہو گی ۔ پاکستان ٹریڈرز الائنس کے رہنما عنصر ظہور بٹ ، ہمایوں میر ، ناصر حمید ،سمیت دیگر رہنماؤں نے تحریک انصاف کے رہنما نذیر چوہان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آج کی ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان کیا اورکہا کہ وہ لاہور سمیت ملک بھر میں دکانیں کھلی رکھیں گے ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے ملک امانت، امجد چوہدری، وقار میاں، میاں خلیل عبیر، عمران بشیر، شیخ عمر حیات، سہیل محمود بٹ، شیخ عرفان اقبال، میاں طاہر سبحانی، ملک فاروق حفیظ، لالہ یاسر، آغا ذوالفقار، ذوالفقار بھٹی، سید عظمت شاہ، صدام خان، علی نصرت بٹ و دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہڑتال اب ہماری نہیں ملک بھر کے اکتیس لاکھ تاجروں کی ملکیت ہے ،غداروں کا احتساب خود تاجر برادری کریگی۔ انہوں نے کہا کہ قومی تاجر اتحاد، لاہور بزنس مین فرنٹ، آل پاکستان ٹرک ٹرالہ اونرز ایسوسی ایشن ، جیولرز ، کار ڈیلرز ایسو سی ایشن اور دیگر تاجر تنظیموں نے بھی آ ج کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے ۔کراچی ،پشاور اور جہلم میں بھی شٹر ڈاون ہڑتال کے معاملے پرتاجرگروپوں میں تقسیم ہوگئے ، ایک نے ہڑتال کرنے اور دوسرے نے نہ کرنے کا اعلان کردیا۔مرکزی انجمن تاجران پنجاب و مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی (پراچہ گروپ )کے صدرشاہد غفور پراچہ ، مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی (اعوان گروپ ) کے صدر ارشد اعوان ، انجمن تاجران کینٹ کے صدر شیخ حفیظ ، جنرل سیکریٹری ظفر قادری اور پیپلز ٹریڈرز ونگ راولپنڈی کے جنرل سیکریٹری نوید کنول نے بتایا کہ راولپنڈی شہر و چھاؤنی کی 200سے زائد مقامی تاجر تنظیموں نے مکمل شٹر ڈاؤن کی یقین دہانی کروائی ہے ۔تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ راولپنڈی،راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے ہڑتال نہ کرنے کااعلان کیاہے ۔بلوچستان میں بھی تاجروں نے آج ہڑتال کااعلان کردیاہے ۔ ملتان ،وہاڑی ، موسیٰ خیل،بھلوال،چیچہ وطنی،چیچہ وطنی،شیخوپورہ ،بورے والا،پاکپتن،ساہیوال،اوکاڑہ میں بھی تاجروں نے ہڑتال کااعلان کردیا۔اپوزیشن کی تمام جماعتوں بشمول پیپلز پارٹی نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کردی ہے ۔ جے یو آئی پنجاب کے امیر ڈاکٹر عتیق الرحمان اور جنرل سیکرٹری مولانا صفی اﷲ نے نے بھی ہڑتال کی حمایت کی ہے ۔