کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی فلیٹ کمانڈکی سالانہ ایفیشنسی پریڈ اور تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں کیاگیا۔چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے اس موقع پربطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ڈاکیارڈآمدپر کمانڈر پاکستان فلیٹ،وائس ایڈمرل آصف خالق نے مہمان خصوصی کااستقبال کیا۔اس موقع پرچیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پراطمینان اوراعتمادکااظہارکیااورتفویض کردہ آپریشنل مقاصد کوکامیابی کے ساتھ حاصل کرنے پرافسران اورجوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔انہوں نے خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال میں پاک بحریہ کے فلیٹ کی جانب سے نگرانی کوسراہا۔نیول چیف نے کہاکہ پاکستان بحریہ پاک چین اقتصادی راہداری اورگوادرپورٹ کی سکیورٹی سمیت سمندری حدودکے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے ۔پاک بحریہ کے سربراہ نے پاکستان کیخلاف کی جانے والی کسی بھی جارحیت کامنہ توڑجواب دینے کے عزم کااعادہ کیا۔قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق نے 2019ئکے دوران شروع کردہ آپریشنل سرگرمیوں،بشمول پلوامہ حملے کے بعد کی کشیدہ صورتحال میں پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں،میزائل فائرنگ،کثیرالملکی مشق AMAN-19 کی میزبانی،دو طرفہ مشقوں میں شرکت،علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پٹرول اوربیرونِ ملک تعیناتیوں کاجائزہ پیش کیا۔بعدازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے متعلقہ سکواڈرنز/ٹاسک گروپس کے بہترین یونٹس کوانعامی شیلڈزدیں اورپاک بحریہ کے فلیٹ پرتعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔